اسلام آباد (ویب ڈیسک)

انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان  (ایچ آر سی پی )نے سوشل میڈیا پر حکومت اور ریاست پر تنقید کرنے کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کے مجوزہ  قانون کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے اتوار کو اپنے آفیشل ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ریاست پر آن لائن تنقید پر قید کی سزا کو دو سے بڑھا کر پانچ برس کرنے اور اسے ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کا مجوزہ قانون جمہوریت کے منافی ہے۔(یہ مجوزہ قانون) حکومت اور ریاست سے اختلاف اور ان پر تنقید کرنے والی آوازوں کو خاموش کرانے کے لیے استعمال ہو گا۔واضح رہے کہ سنیچر کو وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر گندی مہم چلانے والوں کو اب ڈرنا چاہیے۔یاد رہے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے پریوینشن آف الیکڑانک کرائم ایکٹ 2016 میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایکٹ میں ترمیم کے بعد عدلیہ، فوج اور دیگر اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ مجوزہ ترمیم کے ذریعے اداروں پر تنقید کرنے والوں کو تین سے پانچ سال تک سزا دی جا سکے گی۔ان کے مطابق پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ میں ترمیم کا آرڈیننس جلد جاری کر دیا جائے گا۔