فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ بار بار بڑھاناصنعت وتجارت کے لیے تباہ کن ہو گا: پیاف
لاہور (ویب نیوز)سیئنر وائس چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف) ناصر حمید خان نے وائس چیئرمین پیاف جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ بجلی کے نرخوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک بار پھر اضافے کی خبروںپر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 3سالوں میں بجلی کے نرخ متعدد بار بڑھانے سے صنعت وتجارت اور کاروباری اداروں کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے جنوری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 6 روپے 10 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا کو بھیج دی ہے جو 28 فروری کو فیصلہ کرے گا جسکی منظوری پر وصولی اگلے ماہ کے بلز میں کی جائے گی۔ہر ماہ فیول پرائس ایڈ جسمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے۔پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ 12 روپے سے زائد فی لٹر تک اضافہ جلتی پر تیل کا کام کرے گا اور مشکلات میں مزید اضافہ کا سبب بنے گا۔نیپرا بجلی کے نرخ میں اضافہ کی درخواست کو رد کر دے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پہ عوام کو مختلف مدات میںدی جانیوالی سبسڈی ختم کیے جانے سے یوٹیلیٹز بلز کی رقم اتنی زیادہ ہو چکی ہے کہ عوام کی آمدنی کا قابل ذکر حصہ یو ٹیلٹی بلز جمع کرانے میں صرف ہو جاتا ہے۔پٹرولیم مصنوعات بجلی گیس و دیگر سروسز پر سبسڈی ختم کرنے کے نتائج بے اماں گرانی کی شکل میں سب پر عیاں ہیں۔سیئنر وائس چیئر مین پیاف ناصرحمید خان اور وائس چیئر مین پیاف جاوید اقبال صدیقی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صنعت و تجارت کیلئے بجلی کے ریٹس منجمد کرنے کے ساتھ ساتھ پاور سیکٹر پر ٹیکسز کم کرے تاکہ بجلی کے نرخ کم ہو سکیں۔حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی خاطربجلی و پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا اختیار حاصل کرچکی ہے اس کا بالواسطہ اثر عوام پر پڑے گا کیونکہ انڈسٹریز کی پیداواری لاگت میں مزیداضافہ ہو جائے گاجبکہ انڈسٹری اس کی متحمل نہیں ہوسکتی ـ ملکی صنعت کے لیے مہنگی بجلی کے ساتھ چلنا محال ہے ۔ کاروباری شعبے کو پہلے ہی کئی چیلنجز کا سامنا ہے پیداواری شعبہ عالمی منڈی میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوتا جا رہا ہےـ ضرورت اس امر کی ہے کہ جلد از جلدتوانائی منصوبوں کی تکمیل کی جائے۔ اگر صنعت چلے گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوتے رہیں گے عام آدمی کو ریلیف ملے گا تو ملک کے حالات میں سکون اور اطمینان پیدا ہوگا ـپیاف کے لیڈران نے حکومت سے ایپل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی و گیس کی قیمتوں کو اگلے پانچ سالوں کیلئے منجمد کر دیا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکا جائے اور پیداواری لاگت میں کمی ہو سکے ۔