اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور کامن ویلتھ انٹرپرینیورز کلب کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ
ایس ایم ای شعبے کو مضبوط کر کے پاکستان پائیدار معاشی ترقی حاصل کر سکتا ہے۔ محمد شکیل منیر
دولت مشترکہ ممالک کے ساتھ پاکستانی ایس ایم ایز کے روابط بڑھانے پر توجہ دیں گے۔ مبین رفیق

اسلام آباد (ویب نیوز )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور برطانیہ میں قائم کامن ویلتھ انٹرپرینیورز کلب (سی ای سی) نے پاکستانی ایس ایم ایز کے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی ایس ایم ایز کے ساتھ روابط کو فروغ دینے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ایس ایم ایز کے کردار کو بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی آئی کے صدر محمد شکیل منیر اور سی ای سی کے بانی اور چیئرمین مبین رفیق نے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔چیمبر کے سابق صدور میاں شوکت مسعود، شیخ عامر وحید اور شعبان خالد، سی ای سی کے گلوبل صدر منصور اے شیخ، سی ای سی پاکستان چیپٹر کے نائب صدر بریگیڈیئر انجم سعید، اوورسیز چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ماجد عزیز، محمد عرفان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔


باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت آئی سی سی آئی پاکستان میں سی ای سی کی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایز کے مفادات کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ کی ترقی کے لیے سی ای سی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ آئی سی سی آئی کے موجودہ صدر کو سی ای سی کا عالمی سفیر نامزد کیا گیا ہے تا کہ وہ ایس ایم ایز اور انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینے میں مفید کردار ادا کریں۔ معاہدے کا اہم مقصد پاکستان کی ایس ایم ایز کو دولت مشترکہ کی ایس ایم یز کے ساتھ اپنے روابط مضبوط کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے تا کہ وہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے کاروبار اور برآمدات کو فروغ دے سکیں۔ دونوں فریق معاشی ترقی میں ایس ایم ایز کے کردار کو بڑھانے اور پالیسی اصلاحات کیلئے حکومت کو تجاویز تیا ر کر کے دینے کی کوشش کریں گے۔ دونوں فریق نوجوانوں اور خاص طو ر پر خواتین کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے دولت مشترکہ کے ممالک میں ایس ایم ایز کی بہتری کے لیے کامن ویلتھ انٹرپرینیورز کلب کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی پاکستان میں ایس ایم ایز کو مضبوط کرنے کے لیے سی ای سی کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ وہ تجارت کو فروغ دے سکیں، برآمدات کو بہتر کر سکیں، غربت کو کم کر سکیں، نوجوانوں کے لیے مزید روزگار پیدا کر سکیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے سی ای سی کی بنیاد رکھنے پر مبین رفیق کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جو دولت مشترکہ کے ممالک میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ سی ای سی کا تعاون پاکستان میں ایس ایم ای شعبے کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
کامن ویلتھ انٹرپرینیور کلب کے بانی اور چیئرمین مبین رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی دولت مشترکہ کے ممالک میں ایس ایم ایز کو فروغ دینے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے پائیدار پراجیکٹس شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جن کا مقصد ایس ایم ایز کی ترقی کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا، غربت کا خاتمہ کرنا اور پسماندہ طبقات کو ہنر سے بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دولت مشترکہ کے ممالک کے پچاس ہزار سے زائد انٹرپرینیورز کے مابین روابط کو فروغ دے کر ان اہداف کو حاصل کرنا چا ہتے ہیں تا کہ نئی منڈیاں کھولی جائیں، تجارت کو آسان بنایا جائے اور دولت مشترکہ کے ممالک میں علاقائی رابطوں کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی ای سی کے ساتھ آئی سی سی آئی کا تعاون پاکستان میں ایس ایم ایز کے لیے فائدہ مند نتائج کا باعث ہو گا۔