یوکرینی صدر کا ساری فوج کوحرکت میں آنے کا حکم ، اٹھارہ سے ساٹھ سال کے مردوں پر ملک چھوڑنے پر پابندی عائد
روسی حمایت یافتہ جنگجو بھی اسلحہ اٹھائے کیف میں داخل،کیف میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے جاری ہیں، مشیر یوکرین حکومت
روسی فوج کے قبضے سے کیف ائیرپورٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ، ائیر ڈیفنس نظام نے روسی فوج کے 2مہلک حملوں کو تباہ کر دیا، یوکرینی وزیر دفاع
یوکرین کو تنہا چھوڑ دیا گیا ،کوئی بھی ساتھ دیتا نظر نہیں آ رہا، دشمن کا پہلا ہدف میں اور میرا خاندان ہے، ان کا مقصد ہمارے ملک کو سیاسی طور پر بھی تباہ کرنا ہے،ولادیمیر زیلنسکی
کیف / واشنگٹن / نیویارک (ویب ڈیسک)
روس کی یوکرین پر دوسرے روز بھی بمباری جاری رہی ،روس فوج کی پیش قدمی جاری ہے، بحیرہ اسود میں 2 اہم جزیروں زمینی اور اسنیک پر قبضہ کر لیا۔ لڑائی میں 13 یوکرینی فوجی اور 137 سے زائد شہری ہلاک اور300 سے زائد زخمی ہو گئے۔ روسی حمایت یافتہ جنگجو بھی اسلحہ اٹھائے دارالحکومت کیف میں داخل ہو گئے ۔روسی فوجیوں نے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا ہے۔ ، فوجی تنصیبات کو تیس سے زائد بار نشانہ بنایا گیا، گیارہ ایئر فیلڈز، ایک بحری اڈہ تباہ کرنے، ایک ہیلی کاپٹر اور چارڈرون گرانے کا دعوی کیا گیا ہے۔ یوکرینی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ روسی فوج کے قبضے سے کیف ائیرپورٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت جمعہ کی صبح دھماکوں کی آواز سنی گئی۔مشیر یوکرین حکومت نے بھی دوسرے روز روسی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دارالحکومت کیف میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے جاری ہیں۔ کیف، سومائے اور خیرسن کے اطراف میں بھی فریقین میں شدید لڑائی جاری ہے۔یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف کے رہائشی علاقے میں میزائل داغے جبکہ یوکرین کے ائیر ڈیفنس نظام نے روسی فوج کے 2مہلک حملوں کو تباہ کر دیا۔کیف کے میئرکا اس حوالے سے بتانا ہے کہ روسی میزائل کا ملبہ رہائشی عمارت پر گرا جس سے 3 افراد زخمی ہوئے، میزائل کا ملبہ گھر پر گرنے سے آگ لگ گئی ہے۔ادھر یوکرینی حکام نے کیف میں روسی طیارہ مار گرانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی طیارہ دارالحکومت کیف کے دارنتسکی ضلع پر مار گرایا گیا ہے۔دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعوی کیا ہے کہ روسی فوج یوکرین کے دارالحکومت کیف سے 20میل کے فاصلے تک پہنچ گئی ہے۔ادھر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کے خلاف ساری فوج کوحرکت میں آنے کا حکم دے دیا ہے، اٹھارہ سے ساٹھ سال کے مردوں پر ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔اپنے ایک بیان میں بتایا کہ روس کے ساتھ پہلے روز کی لڑائی میں 137افراد ہلاک ہوئے۔ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یورپ کے 27رہنمائوں سے پوچھا یوکرین نیٹو میں شامل ہو گا؟ ہر کوئی ڈرتا ہے اور جواب نہیں دیتا کوئی بھی ہمارا ساتھ دیتا نظر نہیں آ رہالیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس سے لڑنے کے لیے یوکرین کو تنہا چھوڑ دیا گیا ہے لیکن ہم بھرپور مقابلہ کریں گے۔ دشمن کا پہلا ہدف میں اور میرا خاندان ہے، ان کا مقصد ہمارے ملک کو سیاسی طور پر بھی تباہ کرنا ہے۔ یوکرینی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج کے قبضے سے کیف ائیرپورٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ ادھر امریکہ نے ملک چھوڑنے والے یوکرینی باشندوں کو پناہ دینے کی حامی بھرلی۔
روسی فوج کایوکرینی بارڈر پوسٹ پر میزائل حملہ، متعدد گارڈز ہلاک
روسی فوج نے یوکرین کے جنوب مشرقی ریجن زپوری ززیا میں یوکرینی بارڈر پوسٹ پر میزائل حملہ کیا ہے۔یوکرینی بارڈر گارڈ سروس کے مطابق جنوب مشرقی ریجن زپوری ززیا میں پوسٹ پر حملے میں متعدد گارڈز ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ادھر یوکرین کے شہر ریونہ کے میئر کا کہنا ہے کہ ریونہ کے ایئر پورٹ پر میزائل حملہ ہوا ہے، تاہم اس میزائل حملے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔
روس اتوار تک یوکرین کی حکومت ختم کر دے گا، امریکا
امریکا نے روسی حملے کے بعد یوکرین سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اتوار تک یوکرینی دارالحکومت کیف پر مکمل قبضہ کرکے حکومت ختم کر دے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف شہروں پر بمباری کے بعد روس کے ہزاروں فوجیوں نے کیف کا زمینی محاصرہ کرلیا ہے اور یوکرین چرنوبل ایٹمی پاور پلانٹ پر بھی قبضہ کیا ہے۔دوسری جانب یوکرین نے روسی حملوں میں 137شہری ہلاک اور سینکڑوںافراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یورپی یونین کی روس اور یوکرین سمیت اطراف میں سویلین پروازوں پر پابندی عائد
متعلقہ ائیر اسپیس میں جاری جنگ میں راکٹ اور میزائل سے طیاروں کو خطرہ ہے، یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی
برسلز(صباح نیوز)روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کی وجہ سے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے سیفٹی بلیٹن جاری کر دیا۔یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی(ایاسا )کے جاری کردہ سیفٹی بلیٹن کے مطابق روس اور یوکرین سمیت اطراف میں سویلین پروازوں پر 90روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے، یورپی یونین ممالک سمیت تھرڈ کنٹری کی ائیر لائنز پروازو ں پر بھی پابندی ہوگی۔سیفٹی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ائیر اسپیس میں جاری جنگ میں راکٹ اور میزائل سے طیاروں کو خطرہ ہے لہذا پابندی کا اطلاق 24 فروری سے 24مئی کے لیے ہوگا۔
یوکرینی عوام کو مدد کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، اقوام متحدہ
ایک ملک کادوسرے ملک کیخلاف طاقت کا استعمال غلط ہے،شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے
میں روسی صدر پیوٹن سے پھر اپیل کرتا ہوں، روسی فوجوں کو واپس بلائیں اور یوکرین میں فوجی آپریشن بند کریں
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاہے کہیوکرینی عوام کو مدد کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، ایک ملک کا دوسرے ملک کے خلاف طاقت کا استعمال غلط اورناقابل قبول ہے، شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، یوکرین اور ارد گرد انسانی ہمدردی کی کارروائیاں بڑھا رہے ہیں۔ یو این کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک ملک کادوسرے ملک کیخلاف طاقت کا استعمال یو این چارٹر کے منافی ہے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں روسی صدر پیوٹن سے پھر اپیل کرتا ہوں، روسی فوجوں کو واپس بلائیں اور یوکرین میں فوجی آپریشن بند کریں۔یو این سیکریٹری جنرل نے کہاکہ ہلاکتوں میں اضافے پر یوکرین میں خوف، غم اور دہشت کی تصویریں دیکھ رہے ہیں،بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون پر عمل درآمد برقرار رکھا جانا چاہیے۔انتونیو گوتریس نے کہاکہ یوکرینی عوام کو مدد کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔