جکارتہ (ویب ڈیسک)

انڈونیشیا کے جزیرے سوماترا میں 6.2 شدت کے زلزلے سے اب تک چند افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے بہت سی رہائشی عمارتوں کے تباہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔جمعہ 25 فروری کو انڈونیشیا کے جزیرہ سوماترا کے مغربی ساحل کے آس پاس تقریبا 6.2 شدت کا زلزلہ آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ملک کی قومی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے سربراہ سہاریانتو نے میڈیا کو بتایا، "ابھی تک ہمارے پاس یہی اطلاع ہے کہ اس میں دو افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔”زلزلے سے کئی مکانات اور بہت سی دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے جو تصاویر جاری کی ہیں، ان میں مغربی پسمان ضلع میں منہدم مکانات اور ایک اسکول کی اس تباہ شدہ عمارت کو دیکھا جا سکتا ہے، جس کی چھت گر گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ زلزلے کے سبب زمین کھسکنے کے بھی واقعات پیش آئے ہیں جس کی وجہ سے مغربی پسمان ضلع میں بہت سے مکانات مٹی کے تودوں کے نیچے دب گئے۔ارضیات سے متعلق امریکی ادارے ‘جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ طاقت ور تاہم کم گہرائی کا یہ زلزلہ جزیرے کے شمال حصے سے 12 کلومیٹر کی گہرائی میں ٹکرایا۔ جزیرہ سوماترا ماضی میں بھی کئی بار زلزلوں سے متاثر ہو چکا ہے۔ مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ یہ زلزلہ قدر کم شدت والے اس زلزلے کے چند منٹ بعد ہی آیا جس کی شدت یو ایس جی ایس نے پانچ اعشاریہ صفر درج کی تھی۔ زلزلے کے جھٹکے مغربی صوبے سوماترا کے قریبی شہروں پاڈانگ اور ریا صوبے کے پیکن بارو شہر میں بھی محسوس کیے گئے۔ ملائیشیا اور سنگاپور تک بھی اس کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔سنگاپور میں پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "سنگاپور کے کچھ حصوں میں زمینی جھٹکے صبح کے مقامی وقت کے مطابق پونے دس بجے محسوس کیے گئے۔” پولیس اور ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ انہیں "عوام کی جانب ان جھٹکوں کی اطلاع دینے والی متعدد کالیں بھی موصول ہوئیں۔”ملائیشیا کے محکمہ موسمیات نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اس جزیرہ نما کی مغربی ریاستوں میں لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔ محکمے نے اپنے ایک بیان میں کہا، "مغربی جزیرہ نما علاقوں میں، خاص طور پر سیلنگور، پیراک، نیگیری سمبیلان، ملاکا اور جوہر میں جھٹکے محسوس کیے گئے۔