پاکستان کو یوکرین سے متعلق اپنی حکمت عملی سے آگاہ کر دیا ہے، امریکا

جمہوری پاکستان کے ساتھ شراکت داری امریکی مفادات کیلئے اہم ہے

وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے آگاہ ہیں، ٹائمنگ پر تبصرہ نہیں کر سکتے

امید ہے وزیراعظم عمران خان بات چیت کے دوران یوکرین تنازعے پر کھل کر خدشات کا اظہار کریں گے، ترجمان محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا ردعمل

واشنگٹن( ویب  نیوز) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے آگاہ ہیں، عمران خان کے دورے کی ٹائمنگ پر تبصرہ نہیں کر سکتے، امریکہ نے پاکستان کو روس سے متعلق اپنی پوزیشن کے بارے میں آگاہ کردیا۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس پر رد عمل دیتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہماری دیرینہ شراکت داری اور تعاون ہے ۔جمہوری پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے موجودہ وقت میں دورہ روس پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہا کہ پاکستان کو یوکرین سے متعلق اپنی حکمت عملی سے آگاہ کر دیا ہے،امید ہے وزیراعظم عمران خان بات چیت کے دوران یوکرین تنازعے پر کھل کر خدشات کا اظہار کریں گے ،ان کا کہنا ہے کہ ہر ذمہ دار جمہوری ملک روس کو عدم استحکام پھیلانے والی جنگ سے روکے۔یوکرین کی صورت حال پر ہر ذمہ دار ملک کو تشویش کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایسے وقت میں دورہ روس  پر موجود ہیں جب یوکرین تنازع پر امریکہ اور روس کے درمیان  تعلقات کشیدہ ہیں۔