وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت نے دونوں اداروں کے مابین علم و تحقیق کے تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے
ڈیرہ اسماعیل خان( ویب نیوز )
گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت پردستخط کر دیئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت دونوں تعلیمی اداروں کی ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہو گی اور اس سے دونوں تعلیمی ادارے مشترکہ طور پر اپنی صلاحیتوں سے علم و تحقیق پر کام کرینگے جو نہ صرف فروغ تعلیم میں نہایت مددگار ثابت ہوگی بلکہ اس سے اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد بھی مستفید ہو گی۔اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں یونیورسٹیوں میں علم و تحقیق کو مزید فروغ ملے گاکیونکہ جب دو تعلیمی ادارے آپس میں مل کر علم و تحقیق پر کام کرتے ہیں تو ایک طرف تو دونوں اداروں کے اساتذہ اور طلباء اس سے مستفید ہوتے ہیں اور دوسری طرف علاقے اور ملک کی ترقی وخوشحالی کا باعث بنتے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب زرعی یونیورسٹی پشاور میں منعقد ہوئی۔جس کامقصد متفقہ شرائط و ضوابط دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان قومی اور بین الاقوامی تعاون سمیت علمی،تحقیقی اورتعلیمی تعاون کو فروغ دینا ہے جسکے بعد دونوں تعلیمی اداروں کے مابین فیکلٹی/طلبہ کے تبادلے سمیت باہمی تعاون پر مبنی پروگرام،سیمینار، سمپوزیم وغیر کا انعقاد کروانے میں مدد ملے گی۔