دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹیشن کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں،پاک ازبک بزنس فورم سے خطاب
اسلام آباد(ویب نیوز)
ازبکستان کے نائب وزیرِ اعظم عمر زاکوف نے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاکستان کے ساتھ تجارت 50 فیصد بڑھی ۔اسلام آباد میں ازبکستان کے نائب وزیرِ اعظم عمر زاکوف نے پاک ازبک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت بڑا موقع ہے کہ ہم اپنے اقتصادی تعلقات کو بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ازبکستان نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا۔ گذشتہ سال پاکستان کے ساتھ تجارت 50 فیصد بڑھی، گذشتہ 2 ماہ میں باہمی تجارتی حجم میں 70 فیصد اضافہ ہوا ، ازبکستان کے صدر دورہ پاکستان میں تجارتی معاہدے سائن کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کے درمیان معاہدہ ہو گا، صنعتی تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ازبک نائب وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ 50 سے زائد بزنس کمیونٹی کے ہیڈ وفد کے ساتھ پاکستان آئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹیشن کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ ازبکستان کے وزیرِ زراعت نے پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کو زراعت میں سائنسی تحقیقات کو فروغ دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے ایکشن پلان بنایا ہے، کل دونوں ممالک مشترکہ ایکشن پلان پر دستخط کریں گے۔ا نہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو تازہ سبزیاں اور فروٹ برآمد کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیرِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی فخر امام نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال پاکستان میں گنے، گندم اور چاول کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان زرعی شعبے میں ازبکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔