سندھ کا نوجوان پڑھا لکھا طبقہ پیپلزپارٹی سے بددل اور مایوس ہوچکا
سندھ کے لوگ کسی مسیحا کی تلاش میں ہیں، بدین کے لوگ پیپلز پارٹی کو پہچان گئے،وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس
بدین (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ کسی مسیحا کی تلاش میں ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے آپس میں دل صاف نہیں، عمران خان کے خوف سے آج ایک ہوگئیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کیساتھ بھی مخلص نہیں ۔ بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بدین کے لوگ پیپلز پارٹی کو پہچان گئے ہیں اور سندھ کے باقی لوگوں کو بھی بدین کے لوگوں کی پیروی کرنی چاہئے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے سرکاری وسائل استعمال کر کے جلسہ کیا جبکہ لوگ زرداری لیگ سے مایوس ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سندھ کے لوگ کسی مسیحا کی تلاش میں ہیں، بدین میں منشیات کے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اور بدین کے لوگوں نے سندھ کی ہوا کی سمت کا تعین کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ ترجمانوں نے کہا شاہ محمود خالی کرسیوں سے مخاطب تھے تو میں عمرکوٹ، مٹھی، لاڑکانہ، نوابشاہ، بدین اور شکارپور کی فوٹیج ان کی خدمت میں ارسال کر رہا ہوں وہ خودملاحظہ کرلیں، میڈیا تجزیہ کرلے کہ بدین میں صرف یہاں کی عوام تھے جب کہ بلاول زرداری نے سرکاری وسائل کا استعمال کیا اور ان کے جلسے میں پورے جنوبی پنجاب کے لوگ اکھٹے کیے گئے تھے، انہیں از سر نو اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے کہ پیپلزپارٹی کی پنجاب میں کیا حیثیت ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی پنجاب اورکے پی کے سے کونسلر نہیں جیت سکتی، اگر پیپلزپارٹی کے ترجمانوں کوگنتی نہیں آتی تو بلاول آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ ہیں وہ خود گنتی کرلیں کہ کتنی کرسیاں تھی اور کتنے لوگ تھے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے آپس میں دل صاف نہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کیساتھ بھی مخلص نہیں، عمران خان نے کہا تھا تمام جماعتیں میرے خوف سے ایک ہو جائیں گی، تمام اپوزیشن جماعتیں عمران خان کے خوف سے آج ایک ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ مسلسل 15 سال سے پیپلزپارٹی کے ہاتھوں میں گروی ہے، سندھ کا نوجوان پڑھا لکھا طبقہ پیپلزپارٹی سے بددل اور مایوس ہوچکا، سندھ کا نوجوان پیپلزپارٹی سے متعلق سوچتا ہے، اب ان تلوں میں تیل نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو حکومت سنبھالتے ہی 20 ارب ڈالر کا خسارہ ملا جسے دور کیا، تحریک انصاف حکومت کو دوست ممالک سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے پیسے لینے پڑے، کورونا میں دنیا کی معاشی گروتھ کم ہوئی، ہماری بڑھی، ان 3 سالوں میں فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، موٹر سائکلیں ٹریکٹروں کی سیل میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اکیلا تمام مافیا سے مقابلہ ہے عمران خان کو کراچی کی فکر ہے، ہم اس کو مایوس نہیں کریں گے، اس شہر کا ہم پر حق ہے اورہم اس کی محبتوں کے مقروض ہیں، وفاق نے کراچی کوبڑا پیکج دیا ہے اور بھی اس کے لیے کرنے جارہے ہیں، کراچی کے حوالے سے جوچیزیں رہ گئی ہیں وہ بھی پوری کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یوکرین میں پھنسے پاکستانی بچوں کی اکثریت محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئی اور جو باقی رہ گئے ہیں انکا انخلابھی کررہے ہیں، روس اور یوکریں مذاکرات میں طے ہوا ہے کہ یوکرین میں موجود غیر ملکی افراد یا طلبہ کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں بنے گا اور انہیں محفوظ طریقے سے یوکرین سے باہر منتقل ہونے دیں گے۔