اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یوکرین سمیت تمام تنازعات کو بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کرنے کے متقاضی ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سابق خارجہ سیکرٹریز کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقائی امن و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی۔اس مشاورتی اجلاس میں سابق خارجہ سیکرٹریز، ایمبیسڈر ریاض حسین کھوکھر،ایمبیسڈر ریاض محمد خان، ایمبیسڈر سلمان بشیر، ایمبیسڈر جلیل عباس جیلانی، و سابق سفرا ایمبیسڈر مسعود خالد و ایمبیسڈر سہیل خان نے کی شرکت کی۔سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ بھی اجلاس میں موجود تھے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے میں ہمیشہ آپ کی مشاورت، منفعت بخش رہی ہے۔وزیر خارجہ نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف، یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل و یوکرین ، رومانیہ، ہنگری اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں اور علاقائی امور پر ہونے والی گفتگو سے متعلق شرکا اجلاس کو آگاہ کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، امن کاوشوں میں شراکت داری کی حکمت عملی پر کاربند ہے، پاکستان یوکرین سمیت تمام تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں سفارتی حوالے سے حل کرنے کا متقاضی اور متمنی ہے۔