جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر بچے بچیوں کو مفت تعلیم مہیا کرے گی ۔ سراج الحق
ریاستی انتظام میں عورتوں کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے گا
عورتوں کو تمام حقوق دئیے جائیں گے ۔ عورتوں کے لیے الگ یونیورسٹی اور کالجز بھی بنائے جائیں گے
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے چھڑا کر پاکستان واپس لایا جائے
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا خواتین ریلی سے خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر بچے بچیوں کو مفت تعلیم مہیا کرے گی ۔ ریاستی انتظام میں عورتوں کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے گا ۔ عورتوں کو تمام حقوق دئیے جائیں گے ۔ عورتوں کے لیے الگ یونیورسٹی اور کالجز بھی بنائے جائیں گے ۔ منگل کے روز یوم خواتین کے موقع پر اسلام آباد میں خواتین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ پاکستان میں عورتوں سے ظلم ہو رہا ہے ۔ چالیس فیصد خواتین روزگار سے محروم ہیں ۔ 71 فیصد خواتین کو مردوں کے برابر تنخواہ نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مردوں کے برابر تنخواہ ملنی چاہیے اور ان کی حفاظت کا انتظام بھی ہونا چاہیے ۔ امیر جماعت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکام انتخابی امیدواروں سے بجلی کے بلوں اور دوسرے امور بارے پوچھتے ہیں انتخاب لڑنے والے امیدوار سے پوچھا جانا چاہیے کہ اپنی بچیوں کو وراثت میں حصہ دیا اپنی بیوی کو حق مہر دیا ہے ۔ خواتین کو حقوق سے محروم کرنے و الے شخص کو امیدوار نہیں بننا چاہیے ۔ ایسا شخص معاشرے کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتا ۔ پاکستان میں اگر کوئی خاتون بیوہ ہو جائے تو چار ماہ کی عدت مکمل کرنے سے قبل ہی دس دن بعد اسے ڈیوٹی پر بلا جاتا ہے ۔یہ امر شریعت کے خلاف ہے ۔ امیر جماعت نے میانوالی میں سات دن کی بچی کو قتل کرنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست کو اس طرح کے واقعات کو کنٹرول کرنا چاہیے ۔ عورتوں پر تشدد پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں ۔ جماعت اسلامی کی حکومت بنے گی تو عورتوں کو وراثت سمیت تمام حقوق ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو حقوق اور عزت دی ہے ۔ اسلام نے عورت کو جو حقوق دئیے ہیں آج کی دنیا اس کا تصور نہیں کر سکتی ۔ امریکا یورپ اور مغرب کی عورتیں بھی مظلوم ہیں خود امریکی خاتون نائب صدر نے گلہ کیا کہ میں امریکا میں بھی محفوظ نہیں ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں حکومت کی طرف سے جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں 3571 خواتین بے آبرو ہوئیں ۔ 40 ہزار خواتین اغواء ہوئیں امیر جماعت نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں خواتین کو تمام حقوق ملنے چاہئیں اور ان کی حفاظت ہونی چاہیے معاشرے میں انکا جائز مقام ناگزیر ہے ۔ امریکا میں جنگ کے دوران بھی عورت کو عزت و وقار سے محروم نہیں کیا جا سکتا ۔ یوکرین پر روس سے حملے سے خواتین متاثر ہوئیں اسی طرح فلسطین پر اسرائیلی حملے سے فلسطینی مائیں اور بیٹیاں متاثر ہو رہی ہیں کشمیر میں بھارت کے جبری قبضے سے بھی خواتین متاثر ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر فورم پر پاکستانی خواتین کی ترجمانی کی ہے ۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے چھڑا کر پاکستان واپس لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں عورت کی ترقی کی مثالیں دے کر عورت کو مرد کی طرح ٹریکٹر چلانے فٹ پاتھ پر بیٹھ کر بوٹ پالش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے مگر عورت کو اللہ تعالی نے خاندان کی حفاظت کے لیے پیدا کیا ہے ۔ عورت اچھے خاندانی نظام کی بنیاد رکھتی ہے اور اسے مضبوط بناتی ہے ۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام خواتین ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی سپر مارکیٹ اسلام آباد کے سامنے خواتین ریلی میں شامل خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر خواتین کے حقوق بارے نعرے درج تھے ۔