پاکستان نے بھارت سے میزائل گرنے کے معاملے پر سوالات کے جوابات مانگ لیے، مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ

میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ وضاحت کافی نہیں، بھارت کو سوالات کے جوابات دینا ہوں گے ، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد( ویب  نیوز) پاکستان نے میاں چنوں میں بھارتی میزائل گرنے کے اعتراف کے بعد روایتی حریف ملک سے سوالات کے جوابات مانگ لیے۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت وضاحت کریں میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا، اندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں، پاکستان مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔ بھارت کی جانب سے میزائل کے حادثاتی فائرنگ کے سرکاری اعتراف کے بعد ترجمان وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی وزارت دفاع کے بیان کانوٹس لیاہے، بیان میں میزائل کی حادثاتی طور پر گرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، اندرونی عدالتی تحقیقات کے فیصلے پر افسوس ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کی جانب سے پیش کردہ سادہ وضاحت کافی نہیں ہے، بھارت کو کچھ سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت کو حادثاتی میزائل لانچ اور روکنے کی طریقہ کار کی وضاحت کرنی چاہیے، میزائل کی قسم اور خصوصیات کو واضح طور پر بیان کرنے کی ضرورت ہے، میزائل کی پرواز کے راستے، رفتار کی وضاحت کرنی ہوگی۔ترجمان نے بھارت سے سوالات کئے کہ میزائل آخرکارکیسے مڑ کر پاکستان میں داخل ہوا؟ کیا میزائل خود کو تباہ کرنے کے طریقہ کار سے لیس تھا؟ کیاہندوستانی میزائلوں کو معمول کی دیکھ بھال کے تحت بھی لانچ کیلئے رکھا گیا ہے۔وزارت خارجہ نے مزید کہا پاکستان کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے تک تسلیم کرنے کا انتظارکیوں کیا؟ کیا واقعی میزائل کو اس کی مسلح افواج نے ہینڈل کیا تھا یا کچھ بدمعاش عناصرنے؟ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعہ سنگین نوعیت کی کئی خامیوں اورتکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتاہے، بھارت کااندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں، پاکستان حقائق کا درست تعین کرنے کیلئے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے