تحریک عدم اعتماد میں ترین اور علیم خان گروپ کہیں دکھائی نہیں دیتا، شاہ محمود قریشی
ملتان (ویب نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں مجھے ترین اور علیم خان گروپ کہیں دکھائی نہیں دیتا، ترین گروپ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہ محمود نے کہا کہ مجھے یقین ہے تحریک انصاف کا کوئی رکن اپنا سودا نہیں کرے گا، بلے کے نشان پر منتخب ہونے والا قانونی آئینی اخلاقی طور پر حکومت کا پابند ہے اگر وہ اپنے ووٹ کا سودا کرتا ہے تو اخلاقی طور پر وہ اپنی سیٹ سے استعفی دے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سنا ہے کہ بیگ کافی وزنی ہے فرض کریں اگر کوئی ہمارا امیدوار سودا کر بھی لیتا ہے تو اسے پہلے اپنی سیٹ سے استعفی دینا چاہیے پھر کسی بھی پارٹی سے جیت کر آئے اور اپنی مرضی سے ووٹ دے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے بارے میں وزیراعظم نے اسپیکر کو اختیار دیا ہے اب وہ فیصلہ کریں گے، 23 مارچ کو بہت اہم اجلاس ہو رہا ہے جس میں 46 ممالک اپنی آمد کنفرم کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میزائل پاکستان میں فائر کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا۔شاہ محمود نے کہا کہ یہ بھارت کی غیر ذمہ داری ہے یا بدنیتی ہے، کیا بھارت کا سسٹم اتنا کمزور ہے کہ میزائل فائر ہوگیا اور انہیں معلوم نہ ہوا، اس سنگین غلطی پر چین روس اور دیگر نیٹو ممالک کو بریف کیا ہے کیونکہ یہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا خطرہ بن سکتا تھا، بھارت کی طرف سے یہ دراندازی پہلی مرتبہ نہیں کی گئی۔وزیرخارجہ شاہ محمود نے روس اور یوکرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے، پاکستان چاہتا ہے یوکرین اور روس کا مذاکرات سے مسئلہ حل ہو لیکن وہاں پر مسئلہ سنگین ہے آگے بڑھ سکتا ہے بہت سارے یورپین ممالک کو تشویش ہے کہ وہ اس جنگ سے متاثر ہوسکتے ہیں۔