کہیں ہماری تحریک کا نشانہ شہبازشریف نہ بن جائیں، مولانا فضل الرحمان

جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے حکمران  اپنی غیرت دفن کرچکے ہیں

جبر کی بنیاد پر ایک قوم نہیں بنایا جاسکتا،

کہا گیا فلاں امیدوار کو ہمارے حق میں بٹھاؤ،  ثبوت پیش کردیئے تو کوئی جائے پناہ نہیں بچے گی۔  پارٹی جنرل کونسل کے اجلاس  سے خطاب

لاہور (  ویب  نیوز)

سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان  نے انکشاف کیا ہے کہ انتخابات میں ہمارے امیدواروں سے پیسے مانگے گئے ہم نے ثبوت پیش کردیئے تو کوئی جائے پناہ نہیں بچے گی  حکمرانوں سے توقع مت رکھیں یہ اپنے مرنے سے پہلے اپنی غیرت دفن کرچکے ہیں شہباز شریف سے کہا  ہے کہ اپوزیشن میں آ جا ئیں ،کہیںہماری تحریک کا نشانہ آپ نہ بن جائیں،   پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ہمیں اخلاقی اور فکری بنیاد پر ایک قوم رہنے دو، ہمیں جبر کی بنیاد پر ایک قوم نہیں بنایا جاسکتا،  اسٹیبلشمنٹ سن لے یہ فضل الرحمن کی بھی آواز ہے اور ہماری جماعت کی بھی آواز ہے،  ہم ایک ادارے کی بالادستی کو تسلیم نہیں کرتے، اپنی حدود میں رہو۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گاؤں گاؤں اور دیہات میں جاکر لوگوں کو اپنے پسندیدہ لوگوں کو ووٹ دینے پر مجبور کیا جاتا ہے، میری جماعت کو کہا جاتا ہے کہ فلاں امیدوار کو ہمارے حق میں بٹھاؤ، ہمارے امیدواروں سے پیسے مانگے جاتے ہیں اگر ہم نے ثبوت پیش کئے تو آپ کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں بچے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خدانخواستہ میں اس ملک کو بنگال کے حالات کی طرف جاتا دیکھ رہا ہوں، پارلیمنٹ کی حیثیت ایک نمائشی ادارے کی ہے،  جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے،ہم جمہوریت کو کفر قرار دینے والوں سے لڑرہے ہیں لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے، اگر دھاندلیوں سے پارلیمنٹ بنتی رہے گی تو پارلیمنٹ اپنی اہمیت کھو بیٹھے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے مفہوم کا تعین اکابر علما کرام کے مشورے سے کیا ہے، ہمیں جمہوریت کے مطابق تسلسل سے چلنے کیوں نہیں دیا جارہا،چیف جسٹس نے اپنے فیصلے میں جو کچھ کہا ہے وہ بدنیتی پر مبنی ہے، قرآن و سنت کی وہ تعبیرات جو مغرب کے لیے قابل قبول ہوں اس کا سہارا لیا جارہا ہے، مختلف مکاتب فکر کے علما کرام کو خطوط لکھ کر آرا لینا بدنیتی پر مبنی ہے،پارلیمنٹ اپنی مرضی سے لائی جارہی  ہے تاکہ پارلیمنٹ مغرب کے مفادات کا تحفظ کرے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں سے توقع مت رکھیں یہ اپنے مرنے سے پہلے اپنی غیرت دفن کرچکے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ امریکا افغانستان اور فلسطین میں اپنے کردار کے بعد کس منہ سے انسانی حقوق کی بات کرتا ہے، امریکا کو معلوم ہے کہ یہی لوگ ہمارے لیے مشکل پیدا کرسکتے ہیں، ہم صرف پارلیمنٹ میں نہیں پارلیمنٹ سے باہر بھی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں،  ہمارا منشور ہے کہ ہم محکوم لوگوں کی آواز بنتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں نے شہباز شریف سے کہا کہ اپوزیشن میں آ جا کہیں ہماری تحریک کا نشانہ آپ نہ بن جائیں،ہمارے ساتھ دھاندلی سیاسی جماعتوں نے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ نے کی ہے،  بہت سی پارٹیوں کو میدان کی جلدی ہے لیکن آپ کو پتہ ہے کہ میدان ہمارا ہوتا ہے۔