پی ٹی آئی کا  پلڈاٹ  جائزہ رپورٹ کی روشنی میں انتخابی آڈٹ کا مطالبہ

 اقتدار  اصل منتخب عوامی نمائندوں کو منتقل کیا جائے

اسلام آباد (   ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف  نے پلڈاٹ کی عام انتخابات 2024 سے متعلق جائزہ رپورٹ کی روشنی میں انتخابی آڈٹ کا مطالبہ  کردیا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مینڈیٹ ، منتخب عوامی نمائندوں کو سونپا جائے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ فافن اور پتن کے بعد ، پلڈاٹ نے عام انتخابات 2024 کے حوالے سے میں اپنی رپورٹ میں ، عام انتخابات کی شفافیت ،  ساکھ کے بارے میں سنگین سوالات اٹھائے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ان سوالات کے جوابات دینا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پلڈاٹ کی جائزہ رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ 2024 کے عام انتخابات کا منصفانہ اسکور 2013 اور 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں کم ترین سطح پر رہا ، جو مسترد کرداروں کے ساتھ قائم کی گئی اس حکومت کی حیثیت کو ثابت کرنے کے لئے کافی ہے ۔  پی ٹی آئی کے ترجمان نے تازہ ترین پلڈاٹ رپورٹ  ملک بھر میں بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ چوری کرنے کی  نشاندہی کی گئی ہے  ۔انتخابات کے شیڈول میں تاخیر سے لے کر پولنگ کے دن ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی تک کے تمام عوامل نے یہ ثابت کیا کہ انتخابات 2024 گزشتہ دہائی کے  غیر منصفانہ ترین انتخابات تھے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ انتخابات کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کا مذموم منصوبہ اور رات کے اندھیرے میں نتائج کو تبدیل کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ پہلے ہی کمشنر راولپنڈی کی زبانی بے نقاب ہو چکا ہے ۔  ویب سائٹ پر شائع کردہ فارم 45  نے پوری قوم کے سامنے نتائج میں چھیڑ چھاڑ کی شرمناک سازش کو مزید بے نقاب کردیا ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے نشاندہی کی  کہ انتخابات کے نام پر ایک تماشا رچایا گیا  تاکہ  عوامی مینڈیٹ چوری کرکے عوام کے مسترد کردہ گروہ کو ملک پر دوبارہ مسلط کیا جاسکے ، جنہوں نے 16 ماہ کی حکومت کے دوران ملک اور معیشت کو تباہ کر دیا۔  ترجمان نے کہا کہ چوری شدہ مینڈیٹ پر قائم غیر آئینی حکومت میں نہ تو قوم کی فلاح و بہبود کے لیے سخت اور ٹھوس فیصلے کرنے کی اہلیت ہے اور نہ ہی صلاحیت۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عام انتخابات کے نتائج کا پلڈاٹ، فافن اور پتن کی رپورٹس کی روشنی میں آزادانہ طور پر آڈٹ کیا جائے اور اقتدار کو فوری طور پر منتخب عوامی نمائندوں کو منتقل کیا جائے ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جب تک کہ عوام کے چوری شدہ مینڈیٹ کو واپس حاصل نہ کر لیا جائے ۔