جنوبی اور شمالی کشمیر میں حریت پسند کمانڈر کمال سمیت چار کشمیری نوجوان شہید
جنوبی اور شمالی کشمیر میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس معطل ہے فوجی آپریشن جاری ہے
سری نگر(ویب نیوز )
جنوبی اور شمالی کشمیر میں بھارتی فوج کی کارروائی میں حریت پسند کمانڈر کمال سمیت چار کشمیری نوجوان شہید ہوگئے ہیں ۔ کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت نے جمعے کی شام کو پلوامہ، گاندربل اور ہندواڑہ کے علاقوں میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔ بھارتی فوجی آپریشن میں پلوامہ میں دو،، گاندربل اور ہندواڑہ میں ایک ایک نوجوان شہید ہوگیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے ہفتے کی صبح میڈیا کو بتایا کہ جمعے کی رات کو کم از کم پانچ مقامات پر فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کامشترکہ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران پلوامہ میں جیش کے دو عسکریت پسند، گاندربل میں لشکر کا ایک عسکریت پسند اور لشکر کا ایک عسکریت پسند ہندواڑہ میں مارا گیا ہے۔ ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔”پلوامہ میںکمانڈر کمال بھائی عرف جٹ مارا گیا ہے ۔کمال 2018 سے پلوامہ شوپیان علاقے میں سرگرم تھا ۔ فوجی کارروائی کے دوران چیواکلان پلوامہ کے ایک شخص ظہور احمد شیرگوجری کو دائیں ران میں گولی لگی ہے اور اسے ضلع اسپتال پلوامہ میں داخل کرایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے انٹرنیٹ اورموبائل سروس معطل کردی ہیں جبکہ فوجی آپریشن جاری تھے ۔