متحدہ اپوزیشن کا عدم اعتماد کی پرامن اور بلاروک ٹوک ووٹنگ کے لیے عدالت جانے کا فیصلہ
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کئے جانے کا امکان
اسلام آباد(ویب نیوز) متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کی پرامن اور بلا روک ٹوک ووٹنگ کے لیے عدالت میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، جو آج بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری رہنما احسن اقبال ، جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور غفور حیدری اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ درخواست دائر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے،انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد میں ووٹنگ سے روک کر آئینی ذمہ داری نبھانے سے نہ روکا جائے۔ نہوں نے بتایا کہ متحدہ اپوزیشن اس حوالے سے پٹیشن بد ھ تک فائل کرے گی۔جمیعت علما اسلام کے رہنما عبد الغفور حیدری نے کہا کہ انہوں(حکومت) نے ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس سے اپوزیشن نے بھی تلوار نیام سے نکال لی ہے جو اب بغیر نتیجے کے واپس نیام میں رکھنا مشکل ہوگا، انشا اللہ سیاسی طور پر حکومت کو ایسی تاریخی شکست دیں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، حکمرانوں نے بوکھلاہٹ میں آکر پارلیمنٹ لاجز میں دھاوا بولا، وہاں خواتین اراکین اسمبلی تھیں انہیں بھی زد وکوب کیا گیا۔جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بات چیت کا دروازہ کبھی بند نہیں کیا، مسئلہ ہم نے تو پیدا ہی نہیں کیا، عمران خان اور عمرانی ٹولہ مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے کہ ہم عدم اعتماد والے روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپنے اراکین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے اور نہ انہیں شرکت کی اجازت ہوگی۔عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسی طرح وہ 27 مارچ کو ایک پروگرام کرنا چاہتے ہیں، جس سے وہ ایم این ایز کو خوف زدہ کریں گے، یہ تو کھلم کھلا ریاست کے اندر ریاست ہے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا جارہا ہے۔ادھر اپوزیشن جماعتوں کے وکلا کا کہنا ہے کہ تینوں اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرانے کے لیے ڈرافٹ تیار کرلیاہے جسے بد ھ کو جمع کرادیا جائے گا۔اپوزیشن اتحاد کی جانب سے دائر پٹیشن میں جے یو آئی سے مولانا عبدالغفور حیدری، مسلم لیگ ن سے احسن اقبال اور پیپلز پارٹی سے فرحت اللہ بابر درخواست گزار ہوں گے