گنز کی شمولیت سے پاکستان آرمی کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا،آرمی چیف

آرمی چیف نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کا بھی دورہ کیا،آئی ایس پی آر

لاہور (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایس ایچ 15 آرٹلری گنز کی کور آف آرٹلری لاہورمیں شمولیت کی تقریب میں شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جدید ترین ویپن سسٹم کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ سسٹم کی شمولیت سے مستقبل کی جنگ میں چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی، جدید آرٹلری گنز دور تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، گنز کی شمولیت سے پاکستان آرمی کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں آرمی چیف نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف کی لمز آمد پر وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد ملک نے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے طلبا اور اساتذہ سے بھی گفتگو کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان باصلاحیت نوجوان افرادی قوت کی دولت سے مالا مال ہے، انسانی وسائل، جدت اور ٹیکنالوجی ملکی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے، غلط اطلاعات اور پروپیگنڈا سے قومی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے، ایسی سازشوں کی نشاندہی کر کے مشترکہ ردعمل دینا چاہئے۔