ای سی سی کی 40کلوگرام گندم کی نظرثانی شدہ کم سے کم اعانتی قیمت کی منظوری

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے چالیس کلوگرام گندم کی نظرثانی شدہ کم سے کم اعانتی قیمت کی منظوری دے دی ہے جو ایک ہزار نو سو پچاس روپے سے بڑھا کر دوہزار دو سو روپے کر دی گئی ہے۔کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کے زیرصدارت  جمعرات کو اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس نے پنجاب کے لئے دوسو بیس ارب روپے کی نقدرقم کی مقررہ حد کے ساتھ چار ملین میٹرک ٹن کی خریداری کے ہدف کی منظوری دی جبکہ خیبرپختونخوا کو پنجاب کے محکمہ خوراک نے اپنے مالیاتی انتظامات سے اعشاریہ دوصفر ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کی اجازت دی۔کمیٹی نے سندھ کیلئے ستر ارب روپے کی نقد رقم کی ایک اعشاریہ چار ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے ہدف کی اور بلوچستان کیلئے چھ ارب بیس کروڑ روپے نقد کی اعشاریہ ایک صفر ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دی۔اجلاس نے کاشتکاروں کو سال 2021ء کے دوران خریف کی فصلوں کیلئے کھاد، کپاس کے بیج اور سفید سنڈی سے بچاؤ کی ادویات پر اس سال تیس جون تک سبسڈی کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔فورم نے اس سال خریف سیزن کیلئے چوبیس ارب چھبیس کروڑ روپے کی سبسڈی کی فراہمی کی بھی منظوری دی جو صوبے برابری کی بنیاد پر فراہمی کے موجودہ نظام کے ذریعے فاسفیٹ کھاد کیلئے اور ٹریکنگ کے نظام کو مضبوط کرنے کی ہدایت کے ساتھ حاصل کر سکیں گے۔کمیٹی نے توانائی ڈویڑن کیلئے پچاس ارب روپے کی ضمنی گرانٹ اور وزارت تجارت کے برآمدی ترقی کے فنڈ کیلئے ساڑھے چار ارب روپے کی بھی منظوری دی۔