اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہاہے کہ حکومت جاچکی، بس خدا حافظ کہنے جارہے ہیں، اسلام آباد پہنچیں گے تو حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہوگا۔ایک نجی ٹی وی سے کنٹینر پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ابھی تو فیروز پور روڈ پر پہنچیں ہیں، بہت خلقت حکومت سے تنگ ہے، اسلام آباد پہنچیں گے تو حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہوگا، حکومت جاچکی ہے بس خدا خافظ کہنے جارہے ہیں، حکومت کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے جب بھی کسی چیز میں ہاتھ ڈالا اللہ نے انہیں سرخرو کیا، پاکستان کے عوام کیلئے قدم اٹھایا ہے، جو مہنگائی، لاقانونیت اور بیڈ گورننس میں پس رہے ہیں، بیڈ گورننس سے نجات کا سفر ہے، عوام نواز شریف کو آواز دے رہے ہیں۔مریم کا کہنا تھا کہ میں اور حمزہ ایک ہی ہیں، جس طرح نواز شریف اور شہباز شریف ہیں، کبھی ان کی اور کبھی میری ذمہ داری لگتی رہی ہے، اب ہم دونوں کی ذمہ داری لگی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دو دو سیٹ والوں سے منتیں کررہا ہے، لیکن اب کچھ نہیں ہونے والا، جنتر منتر سے ملک کو چلایا جارہا تھا، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس جادو ٹونے سے ملک کو آزاد کرانا ہے۔ن لیگی نائب صدر نے حکومت پر کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پوسٹنگز کیلئے پیسے لیے جاتے ہیں یہ میگا اسکینڈلز کا باپ ہوگا، اداروں میں ترقیاں، تقرر و تبادلے بغیر رشوت کے نہیں ہورہے، سب جانتے ہیں اس کی رقم کہاں جارہی ہے، اس کے ثبوت آئیں گے تو لوگوں کی آنکھیں کھلیں گی۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان، نواز شریف اور مریم کے نہیں قوم کے مجرم ہیں، قوم کا تعلق اللہ سے ہے، وہ اللہ کی مخلوق کے مجرم ہیں ان کا فیصلہ اللہ کریں گے۔پاکستان مسلم لیگ ن کا مہنگائی مکا ومارچ نائب صدر مریم نواز شریف اور رکن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں لاہور سے اسلام آباد کی جانب گامزن ہے۔مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا مہنگائی مکا ومارچ رات گوجرانوالہ میں قیام کرے گا اور 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ن لیگی قیادت کنٹینر پر سوار ہے جبکہ قافلے میں درجنوں گاڑیاں بھی شامل ہیں، قافلہ سست رفتاری سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے جگہ جگہ ن لیگی کارکنان مریم نواز اور مہنگائی مکا مارچ کا استقبال کررہے ہیں، تاہم مارچ کے روٹ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔مریم نواز شریف کافی پرجوش ہیں اور لیگی کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر جواب دے ر ہی ہیں۔