اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک لڑیں گے این آر او نہیں دیں گے، وہ این آر او دینا غداری سمجھتے ہیں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج انہیں این آر او دے دیا جائے تو ساری عدم اعتماد کی تحریک ختم ہوجائے گی، عمران خان تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہونے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر 28 مارچ کو پیش ہورہی ہے تو اسی دن ووٹنگ نہیں ہوگی، ووٹنگ چار تاریخ کو ہونی ہے، اپوزیشن تحریک لائی ہے 172 ارکان پورے کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں دس، دس ماہ بعد بھی الیکشن ہوئے ہیں، تاریخ ہے وزیراعظم نے کبھی اپنی مدت پوری نہیں کی، وقت حاضر کی مقبول حکومت الیکشن کی طرف جائیں تو سب ساتھ دیتے ہیں، مستقبل میں موجودہ صورت حال کا فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کی بیوقوفی نے عمران خان کو مقبولیت کی انتہا پر پہنچا دیا ہے آئندہ الیکشن یہی کامیابی حاصل کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، عوام ان تین چہروں کو دیکھتے ہیں جو عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں، عوام وزیراعظم کی حمایت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کا نہیں پتہ لیکن میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، ہم سے خفا لوگ واپس آجائیں گے تو کچھ نہیں ہوگا، اتحادی سمجھ دار لوگ ہیں امید ہے وہ بہتر فیصلہ ہی کریں گے۔