مائیکروسافٹ اور ایچ ای سی نے پاکستان کے امیجن کپ 2022 کے فاتحین کا اعلان کر دیا
اسلام آباد ( ویب نیوز ) مائیکروسافٹ اور ایچ ای سی نے پاکستان کے امیجن کپ 2022 کے فاتحین کا اعلان کر دیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ٹاپ 17 ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے امیجن کپ کے کامیاب انعقاد پر مائیکروسافٹ اور ایچ ای سی کی کوششوں کو بھی سراہا۔انہوں نے مائیکروسافٹ امیجن کپ کو کامیاب جوان پروگرام کیساتھ مربوط کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تاکہ ملک بھر کے طلباء کو بااختیار بنایا جا سکے۔اس موقع پر مائیکروسافٹ پاکستان کے کنٹری ایجوکیشن لیڈجبران جمشاد نے ورچوئل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیجن کپ 2022 مائیکروسافٹ کیلئے سب سے مقبول اقدام ہے کیونکہ یہ ٹیکنالوجی کے طلباء ، سافٹ ویئر ڈویلپرز اور کاروباری افراد کو ایپلی کیشنز تیار کرنے کا مواقع فراہم کرتاہے ۔ ہم پوری دنیا میں تکنیکی جدت اور انٹرپرینیورشپ کے کلچر کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں کیو ں کے یہ پاکستان جیسی ترقی پذیر قوموں کیلئے نہایت اہم ہے۔ ہم نے مقامی طور پر کچھ بہترین پراجیکٹس دیکھے ہیں اور اب پاکستان کی بہترین ٹیم عالمی چیمپئن شپ میں100,000یو ایس ڈالر ، Azure گرانٹ اور مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا کے ساتھ ایک رہنمائی سیشن جیتنے کے موقع کیلئے مقابلہ کرے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ جیتنے والے اداروں دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور نمائندوں کا متفقہ خیال تھا کہ امیجن کپ جیسے ایونٹس طلبا میں محنت کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے کہا کہ ایچ ای سی اور مائیکروسافٹ تعلیمی شعبے میں تکنیک کو متعارف کرانے کیلئے مسلسل کو شاں ہیں ۔امیجن کپ ان اہم منصوبوں میں سے ایک ہے جس پر کامیابی سے کام کیا ہے۔یہ سرگرمیاں نہ صرف طلبا ء کو اختراعی انداز میں سوچنے کی ترغیب دیتی ہیں بلکہ ایک دوسرے کیساتھ ملنے ، حوصلہ افزائی، ملک کی بہتری کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے تمام شرکا ء کو خاص طور پر جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔مائیکروسافٹ نے پہلے ہی ایچ ای سی کیساتھ تعلیمی تبدیلی کا معاہدہ کیا ہے جس میں پاکستان کے اہم اعلی تعلیمی اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے معاہدے کے تحت مائیکروسافٹ استعداد سازی کے کئی پروگرا مات سمیت پاکستان بھر میں تعلیمی سٹیک ہولڈرز کیلئے اسی طرح کی سرگرمیاں منعقد کرتا ہے ۔ ایونٹ کے دوران "اومیگا جی کی آئی” ٹیم اپنے پراجیکٹ "مائنڈ بریل”کیساتھ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (GIKI) پاکستان اور "ریلائنس ٹیم” پشاور یونیورسٹی سے اپنے پروجیکٹ 360ہیلتھ کیئرکیساتھ یو ای ٹی کو امیجن کپ 2022کا قومی فاتح قرار دیا گیا اور ہر ٹیم کو 150,000/= ( ایک لاکھ پچاس ہزار ) انعام دیا گیا ۔ فارمن کرسچن کالج کی "روز ٹیم” کو "The EPIC چیلنج ونر” قرار دیا گیا۔ امیجن کپ کے ایپک چیلنج کے فاتحین کو 1000 یو ایس ڈالرکی انعامی رقم کیساتھ براہ راست عالمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کا منفرد موقع ملا۔ جیتنے والی تین ٹیمیں اب دنیا کی ٹاپ 48 فائنلسٹ ٹیموں سے مقابلہ کرکے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ مزید برآں، جنوبی، مرکز، بلوچستان اور سندھ کے علاقوں سے 14مزید یونیورسٹی ٹیموں کو امیجن کپ علاقائی فاتح اور رنر اپ قرار دیا گیا۔