اس حرکت نے بی جے پی، آر ایس ایس کے اتحاد کی پاکستان کے خلاف دائمی دشمنی کو مزید بے نقاب کردیا

 ہم نے مذکورہ پبلک نوٹس کے حوالے سے بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے

پاکستان بھارت کے اس کھلم کھلا امتیازی اور ناقابل بیان اقدام کے جواب میں مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے، پاکستان

اسلام آباد  (ویب نیوز)

دفتر خارجہ نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف انڈیا اور آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے اپنے طلبا کو پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل نہ کرنے کا مشورہ د ینے کی شدید مذمت کی ہے۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف انڈیا نے طلبا کو پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، اور انہیں خبردار کیا ہے کہ اگر وہ پاکستان میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ملازمت سے انکار کر دیا جائے گا، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف انڈیا و آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف سے پاکستان میں اعلی تعلیم کے حوالے سے مشترکہ بیان اور عوامی نوٹس پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پبلک نوٹس کا لہجہ نہ صرف طلبا کے لیے خطرہ ہے بلکہ ظالمانہ آمریت کا بھی اظہار کرتا ہے، یہ افسوسناک ہے کہ حکومت ہند طلبا کوپسند کی معیاری تعلیم سے روک رہی ہے، پبلک نوٹس کے مندرجات نے بی جے پی، آر ایس ایس کے اتحاد کی گہری نظریاتی دشمنی اور پاکستان کے خلاف دائمی دشمنی کو مزید بے نقاب کر دیا ہے، بھارتی حکومت نے ملک میں ہائپر نیشنلزم کو ہوا دینے کے لیے ایسی حرکتیں کی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے مذکورہ پبلک نوٹس کے حوالے سے بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے، پاکستان بھارت کے اس کھلم کھلا امتیازی اور ناقابل بیان اقدام کے جواب میں مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔