بھارت کی جانب سے کشمیر میں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

فاشسٹ ہندوتوا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، عالمی برادری نوٹس لے

بھارت کے کشمیر میں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں کیے جائیں گے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش ہے

پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کے خواہاں ہیں، عاصم افتخار کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

اسلام آباد (ویب  نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں، فاشسٹ ہندوتوا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔انہوںنے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے، فاشسٹ ہندوتوا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں کیے جائیں گے اور قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ایک تفصیلی ڈوزیئر بھی پیش کیا تھا اور بھارت میں اقلیتی برادری محفوظ نہیں،عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے رہیں گے ۔ او آئی سی اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو سراہا گیا جبکہ بھارتی اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے جبکہ پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں،کانگریس میں ہونے والی سماعت امریکا کی سرکاری پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتی،دونوں ممالک افغانستان کے حوالے سے ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کے نیو یارک دورے کا محور بھی کشمیر، افغانستان اور پاکستان کی معاشی ترقی رہا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔