ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی
فروغ نسیم اور امین الحق نے استعفے وزیراعظم عمران خان کو ارسال کر دیئے
علیم خان کا پرویز الٰہی کو ووٹ دینے سے انکار.. اپوزیشن کا غیر مشرو ط ساتھ د ینگے، ترجمان علیم خان گروپ
اسلام آباد (صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔بدھ کو ایم کیو ایم پاکستان کے 2 وفاقی وزر ا امین الحق اور فروغ نسیم نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیے۔ استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری سے جاری ہوگا۔ ایم کیو ایم کے مطابق حکومت سے معاملات طے نہ پانے کی وجہ ان کی سست روی ہے، وزیراعظم عمران خان انا کا شکار رہے، وہ اپنے وزرا کو بھیجتے رہے لیکن خود نہیں آئے ، جبکہ اپوزیشن کی پوری قیادت ہمارے پاس بار بار آئی۔ ایم کیو ایم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اب خود بھی آجائیں تو بہت دیر ہوچکی اور ہم فیصلہ کرچکے ہیں ، رابطہ کمیٹی صرف اپوزیشن سے تحریری معاہدہ کی روٹین کے مطابق توثیق کریگی۔ معاہدے پر خالد مقبول صدیقی، بلاول بھٹو، شہبازشریف، مولانا فضل الرحمن، اخترمینگل، خالد مگسی نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کرے گی، جس کے بدلے میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں اضافہ کیاجائیگا، سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کیلئے قانون سازی کی جائیگی، بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کے مطابق بنایا جائے گا، سندھ حکومت ایک ماہ میں بلدیاتی قانون میں ترامیم کا مسودہ سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔
علیم خان گروپ نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔جہانگیر ترین گروپ کے ترجمان میاں خالد نے بیان میں کہا کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الٰہی کو بلاتے تھے ہم انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے، پہلے 4سال بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا ، اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا۔ترجمان میاں خالد کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ہر مخلص کارکن کو پرویز الٰہی کی نامزدگی پر اعتراض ہے، کوئی سودے بازی نہیں کرینگے، اپوزیشن کا غیر مشرو ط ساتھ دیں گے، کمال ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الٰہی بنائیں گے۔