عمران خان کے خلاف اتوار کے روز تحریک عدم اعتمادکامیاب بھی ہو جائے لیکن وہ ان مرداروں سے شکست نہیں مانے گا

وفاقی وزیر داخلہ کا وقار النساء گرلز کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

راولپنڈی (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چاہے عمران خان کے خلاف اتوار کے روز تحریک عدم اعتمادکامیاب بھی ہو جائے لیکن وہ ان مرداروں سے شکست نہیں مانے گا اور اگراس نے چو ک اور چوراہے کی سیاست کی تو راولپنڈی کا بچہ، بچہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ میں پاکستان کے ذمہ داران کو کہتا ہوں کہ آگے بڑھیں اوراس ملک میں روزوں کے بعد نہ سہی، حج کے بعد الیکشن کا اعلان کریں تاکہ لوگ فیصلہ کریں۔ عمران خان بڑے دل کا آدمی ہے، مسلمانوں کا ایمان ہونا چاہئے کہ جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں ہے ، ڈرنا نہیں ہے اور آخری رات تک ان چوروں کے خلاف لڑنا ہے ، آخری بال تک عمران خان چوروں اور لٹیروں کے خلاف لڑے گا۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میںوقار النساء گرلز کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پرسوں میں نے پتا نہیں سیاست میں ہونا ہے یا پتا نہیں کہاں ہونا ہے میں پرنسپل صاحبہ اور ریکٹر صاحبہ سے کہوں گا کہ یونیورسٹی کی 264نوکریاں میرٹ پر غریب کی بچیوں کو دیجیئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں آج (ہفتہ) کا دن بڑا اہم ہے، بعض چور، لٹیرے ، ڈاکو اور پاکستان کی دولت باہر لوٹ کر لے جانے والے لوگ ، باہر کی دنیا میں اپنے محل تعمیر کرنے والے لوگ آج سارے عمران خان کے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں اورمیں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، حالانکہ میری اپنی چھوٹی سی پارٹی ہے اور میں قلم دوات سے الیکشن لڑتا ہوں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ جو نسلی اور اصلی ہوتا ہے وہ امتحان کے وقت کھڑا ہوتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر غداروں کو پسند نہیں کرتاوہ بِکنے اوربَکنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ ابھی میں نو ارب روپے کا ماں، بچے کے ہسپتال کا میں دورہ کرکے آرہا ہوں، میرا اللہ تعالیٰ اورآپ کے علاوہ کوئی نہیں ، میں اب اس دنیا میں اکیلا انسان ہوں، پتا نہیں سال یا دوسال زندہ رہتا ہوں ، میری خواہش تھی کہ گزشتہ روز نالہ لئی کا بھی افتتاح ہو جاتا ، میں نے گزشتہ روز یہ منصوبہ ایکنک میں رکھا لیکن لوگ نہیں چاہتے کہ یہ غریبوں کی بستیاں ترقی کریں کیونکہ ہر کابینہ میں شوگر مافیا کا اثر ہوتا ہے، گھی بلیک مارکیٹ کرنے والوں کا اثر ہوتا ہے، غریب کافی امتحان سے گزرے ہیں خاص طور پر بجلی اورگیس مہنگی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی لوگ عمران خان کو پسند کرتے ہیں اور چاہتے ہیں۔ ویسے تو پیر کے روز میں سیاست سے ریٹائرڈ ہونا چاہتا تھا لیکن اس وقت اگر میں عمران خان کو چھوڑوں گا تو میرا اپنا ضمیر مجھے ملامت کرے گا کہ میں نے اسے امتحان کے وقت چھوڑا، ورنہ ایک شخص کی زندگی میں15یا16وزارتیں کافی ہوتی ہیں۔ہمارے دور میں تو والدہ بٹھا کر ہمیں ہوم ورک نہیں کرواتی تھی، میرا یہ عہد تھا کہ اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا جس کی ماں اوربیٹی پڑھی لکھی ہو۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں زندہ رہوں یا مرجائوں، یہ یاد رکھنا جب ہم آئے تھے تو ہم خواتین کی تعلیم کے اعتبار سے 27ویں نمبر پر تھے آج ہم سات سال سے پاکستان میں پہلے نمبر پر ہیں۔ یونیورسٹیوں کے لئے میں نے لاہور میں ایسے، ایسے وزیروں کے نخرے اٹھائے ہیں جن کو میں سلام نہیں لینا چاہتا اور شکل نہیں دیکھنا چاہتا ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انسان بڑا وہی ہے جس کا ظرف بڑا ہے اور انسان برا وہی ہے جو اپنے علاقہ کے لئے 20،30کا سوچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کا فیصلہ فوری ہونا چاہئے تاکہ قوم فیصلہ کرے اور ایک منصفانہ اوردیانتدارانہ انتخابات جس میں لوگ اپنی مرضی ایسے ممبروں کو نہ بھیجیں جو آدمی اپنے علاقوں کا ووٹ لے کر پیسوں کی خاطر بِکتا ہو اور اپنی ہمدردیاں اور ضمیر فروشی کرتا ہے ، اس الیکشن میں اس علاقہ کے لوگ اس کو مسترد کردیں اور دیانتدار لوگوں کو آگے لے کرآئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں طالبات کو یونیورسٹی کی مبارکباد دیتا ہوں اور طالبات بی اے کرکے یونیورسٹی میں آگے یہیں پڑھیں گی۔ میں آج جب گیا تو ابھی تک ماں، بچہ ہسپتال کے بیڈ نہیں آئے تھے ، اس ملک میں ٹھیکیدار بھی بے ایمان ہیں، وہ بھی کمیشن کھاتے ہیں، اس ملک کا نظام اتنا خراب ہو چکا ہے ، یہاں اتنے مافیاز ہیں۔ مجھے توقع تھی ہم نو ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ماں ، بچہ ہسپتال کی دومنزلیں کام شروع کردیں گی لیکن ٹینڈر میں کرپشن ہے، خریداری میں کرپشن ہے، پڑھی لکھی لڑکیاں آگے آئیں افسر بنیں، کمشنر اور ڈی سی بنیں اور سی ایس ایس میں ٹاپ کر یں جس طرح رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے کیا ہے اور میں اگر مر بھی گیا تو میرے لئے دعا کریں۔