امریکہ کے سابق خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ
ملاقات میں افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا
راولپنڈی( ویب نیوز)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانے کیلئے عالمی سطح پر اشتراک عمل اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وہ افغانستان میں مصالحت کے لئے امریکہ کے سابق خصوصی نمائندے اور سلامتی سے متعلق اسلام آباد مذاکرات کے ایک قابل ذکر مہمان مقرر زلمے خلیل زاد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور’ افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔بری فوج کے سربراہ نے سلامتی سے متعلق اسلام آباد مذاکرات میں شرکت پر زلمے خلیل زاد کا شکریہ ادا کیا۔معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان ہر سطح پر سفارتی تعاون مزید بہتر بنانے کے لئے کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔زلمے خلیل زاد نے سلامتی سے متعلق اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کاموقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔