اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے ،عدم اعتماد پیش کرنے والی جماعتیں کالعدم قرار دی جائیں ، شیخ رشید
فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے ، ملک کو آگے لے جانے کیلئے الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں
سیاست کے فائنل رائونڈ کیلئے 24 گھنٹے رہ گئے ہیں، ہر گھنٹے بعد صورتحال بدلے گی
عدم اعتماد ہوتی ہے تو وزیراعظم کب تک ذمہ داریاں سنبھالیں گے اس پر آئین خاموش ہے
ضمیر فروش جماعتوں کے خلاف سیاسی اعلان جنگ کرتا ہوں،پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری الیکشن کا اعلان کرے ، تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والی سیاسی جماعتیں کالعدم قرار دی جائیں ، ملک کو آگے لے جانے کیلئے الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں،حالات تشویشناک ہیں، چور اورڈاکو باپ بیٹا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ عہدے کے امیدوار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ا پوزیشن پھنس چکی، عمران خان مقبول ہوچکے ہیں، سیاست کے فائنل رائونڈ کیلئے 24 گھنٹے رہ گئے ہیں، ان 24 گھنٹے میں ہر گھنٹے بعد صورتحال بدلے گی ۔حالات تشویشناک ہیں ،ملک کو آگے لے جانے کا الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں۔رمضان کے بعد انتخابات کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی کی نشستوں سے مستعفی ہوجائیں۔منحرف اراکین اپنے حلقوں میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔عدم اعتماد ہوتی ہے تو وزیراعظم کب تک ذمہ داریاں سنبھالیں گے اس پر آئین خاموش ہے۔دیکھ رہے ہیں صدر مملکت وزیراعظم کو کس وقت کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ چور اورڈاکو باپ بیٹا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ عہدے کے امیدوار ہیں،یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالیں گے تو خوشی سے ڈالیں، ہمارے کونسے ایون فیلڈ میں فلیٹ ہیں۔آصف زرداری کو بھتہ تو اب بھی مل رہاہے اور اداروں کو سب پتہ ہے۔ہم نے بھی غلطیاں کیں اور کمزوریاں ہماری بھی ہیں ،مگر لوگ ان کو دیکھنا نہیں چاہتے۔منحرف ارکان قوم کی کیاترجمانی کریں گے،فیملی نظام ملک کیلئے نمک کی کان ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پیر کو سیاست سے ریٹائر ہونا تھا مگر اب مجھے اور زیادہ کام کرنا ہے۔جو پارٹیاں عالمی سازش میں شامل ہیں ان کے خلاف غداری کے مقدمات کرائے جائیں۔ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے جو غیر ملکی پیسے لے کر سازش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا ملک کو مقصود چپڑاسی اور دہلی بھلے والے چلائیں گے۔ میں پی ٹی آئی کا ساتھی نہیں ہوں ، میں نے ہمیشہ اکیلی سیٹ پر سیاسیت کی ہے اور آج میں ان ضمیر فروش جماعتوں کے خلاف سیاسی اعلان جنگ کرتا ہوں۔ لڑائی اب گلی محلوں تک پہنچ گئی جس کے پیش نظر میں عوام سے درخواست کرونگا کہ عمران خان کا ساتھ دیں۔شیخ رشید نے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان یا عید کے بعد کسی ٹی وی پر بطور اینکر بھی آ سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری وزیر قانون ہیں، وہ بغاوت کے مقدمے کی درخواست بھیجیں تو میں ابھی دستخط کردوں گا ۔