بلوچستان ‘ فائرنگ کے تبادلے میں2جوان شہید،2 دہشت گرد ہلاک

مشکئی میں سیکیورٹی فورسز نے 7اور 8اپریل کی درمیانی رات خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا

خفیہ ٹھکانے کے گرد سیکیورٹی فورسز کے پوزیشن سنبھالتے ہی دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی

ہلاک دہشت گرد ضلع آواران میں فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، اسلحہ، گولہ بارود و ایمونیشن بھی برآمد

شہدا ء میں نائیک تاجوالی اور سپاہی اسامہ شامل ہیں، آپریشن میں ایک افسر زخمی بھی ہوا، آئی ایس پی آر

کوئٹہ( ویب  نیوز)

بلوچستان کے علاقے مشکئی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 2جوان شہید اور2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان کے علاقے مشکئی میں سیکیورٹی فورسز نے 7اور 8اپریل کی درمیانی رات خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کے گرد سیکیورٹی فورسز کے پوزیشن سنبھالتے ہی دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں2دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں مادر وطن کے دو بہادر سپوت بھی شہید ہوئے، شہدا ء میں نائیک تاجوالی اور سپاہی اسامہ شامل ہیں، آپریشن میں ایک افسر زخمی بھی ہوا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود و ایمونیشن بھی برآمد ہوئے جو امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن و ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔