معیشت کی بحالی نئی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ محمد شکیل منیر
بجٹ میں بھاری ٹیکسوں میں مناسب کمی کی جائے۔ جمشید اختر شیخ، فہیم خان

اسلام آباد (ویب نیوز )

معیشت کی بحالی اور اسے پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا نئی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے معیشت کو مستحکم بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی معیشت کو متعدد مسائل کا سامنا ہے جن میں مقامی اور غیر ملکی قرضوں میں غیر معمولی اضافہ، بڑھتی ہوئی مہنگائی، روپے کی گرتی ہوئی قدر، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، بڑھتا ہوا مالی عدم توازن اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں کمی نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا یہ چیلنجز اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ نئی حکومت اقتدار سنبھالتے ہی جلد از جلد نجی شعبے کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کر کے معیشت کی بہتر بحالی کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام معاشی پالیسیاں کاروباری برادری کو مکمل طور پر اعتماد میں لے کر بنائی جائیں تا کہ وہ کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ نئے وزیر خزانہ چارج سنبھالنے کے بعد جلد از جلد ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ شروع کریں اور اس سلسلے کا آغاز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے کیا جائے تا کہ بزنس کمیونٹی کی مکمل مشاورت سے نئے بجٹ کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ملک کے ٹیکس ریونیو کو بہتر بنانے کے لیے آنے والے بجٹ میں بھاری ٹیکسوں میں مناسب کمی کرے اور ٹیکس کی بنیاد کو و سعت دینے پر توجہ دے۔ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ایسا بجٹ تشکیل دیا جائے جو کاروباری اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو۔