ابتدائی طور پر اسلام آباد میٹرو کیلئے 15 بسیں مہیا کی جارہی ہیں، ابتدائی طور پر ہفتے کے روز سے بسیں چلائی جائیں گی،افسران کی بریفنگ

 عوام کا خیال کریں، منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے، میٹروبسوں میں سامان رکھنے کا انتظام بھی ہونا چاہئے ،وزیراعظم کی ہدایت

 وزیراعظم نے بہارہ کہو، روات تا پشاور موڑ میٹرو بس چلانے اور موٹر وے کنکشن کی فزیبیلٹی فوری بنانے کا حکم دیا ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے  کی تحقیقات کی انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ  وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں میٹرو سروس شہریوں کے لئے مفت چلانے کا حکم دیا ہے جس کے بعد رمضان کے مقدس مہینے میں شہری مفت سفری سہولت حاصل کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صبح سات بجے 4 سال سے التوا کا شکار بس منصوبے کا دورہ کیا، اس موقع پر متعلق افسران نے شہباز شریف کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد میٹرو کیلئے 15 بسیں مہیا کی جارہی ہیں، ابتدائی طور پر ہفتے کے روز سے بسیں چلائی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  کہ منصوبے پر اب تک 16 ارب روپے کے قریب خرچ ہو چکے ہیں، یہ منصوبہ کیوں طویل عرصے سے التوا کا شکار رہا؟ یہ قوم کا پیسا ہے، انکوائری کرنا ضروری ہے۔شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کا خیال کریں، منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے، میٹروبسوں میں سامان رکھنے کا انتظام بھی ہونا چاہئے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابقہ حکمران اپنی پونے چار سال کی نالائقی نااہلی چھپانے کے لئے غیر ملکی سازش کے جھوٹ کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم    صبح 7بجے اسلام آباد میٹرو بس پر کام کا جائزہ لینے پشاور موڑ میٹرو بس پہنچے،اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، حنیف عباسی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ نواز شریف کے دور میں 2017 میں شروع ہوا تھا اور 2018 میں مکمل ہونا تھا، پانچ سال کی تاخیر کے باوجود منصوبہ شروع نہ ہوا۔ترجمان ن لیگ نے کہا کہ اسی نااہلی کے باعث بیرون ملک سازش کے جھوٹ کی رٹ لگا رکھی ہے، وزیراعظم نے سی ڈی اے کو 16 مارچ کو میٹرو بس پشاور روڈ تا ائیرپورٹ چلانے کا حکم دیا ہے ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے میٹرو سروس پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ شہریوں کے لیے مفت چلانے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بہارہ کہو، روات تا پشاور موڑ میٹرو بس چلانے اور موٹر وے کنکشن کی فزیبیلٹی فوری بنانے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ منصوبہ وزیراعظم نواز شریف کے دور میں 2017 میں شروع ہوا جو 2018 میں مکمل ہونا تھا۔