واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سینئر امریکی عہدیدار نے یہ بیان منگل کو پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں دیا۔انہوں نے کہا کہ تقریبا 75 سالوں سے پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اہم رہے ہیں، ہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں، یہ کام پاکستان اور پورے خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی نئے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دے چکے ہیں اور ہم ان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔منگل کو پریس بریفنگ میں نیڈ پرائس نے افغانستان میں مبینہ پاکستانی فضائی حملوں پر سوال کے جواب میں کہا کہ ہم افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں کی رپورٹس سے واقف ہیں، لیکن چاہیں گے کہ آپ اس حوالے سے تبصرے کے لیے پاکستانی حکومت سے رابطہ کریں۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا، پاکستان کو ایک اہم اسٹیک ہولڈر اور پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے جس کے ساتھ مل کر امریکا ایک مستحکم اور محفوظ افغانستان کے قیام کے لیے مصروف عمل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو اقلیتوں، خواتین اور لڑکیوں سمیت اپنے تمام لوگوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرتا ہے۔