میری کال پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔ عمران خان
اتوار کو ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے سابق وزیر اعظم کا خطاب
ایبٹ آباد( ویب نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری کال پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے، لوگوں کو اپنی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے آنا ہوگا۔ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کو بزدل اور ڈاکو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، ہمارے اوپر بیٹھے ڈاکوں کو قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی، میری کال پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں بنیں گے، سیاسی لوٹے جدھر جائیں گے ضمیر فروش چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔عمران خان نے کہا کہ نئی حکومت کے چند دنوں میں مہنگائی کتنی بڑھ گئی کیا کسی میڈیا والے نے دکانوں پر مائیک لے جاکر پوچھا؟ ہماری حکومت میں تو مہنگائی کے چند دن بعد ہی میڈیا والے دکانوں پر جاکر انٹرویو شروع کردیتے تھے اور کہتے تھے کہ کدھر گیا نیا پاکستان۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف خاندان پر چالیس ارب روپے کے مقدمات ہیں، میں نے کسی کو شریف خاندان کی طرح جھوٹ بولتے ہوئے نہیں دیکھا، مریم نواز کہتی ہے میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں اور ان کے نام لندن میں پراپرٹی نکل آئی، ایک چپڑاسی کے اکانٹ سے کروڑوں روپے شہباز شریف کے نکلے، ان کے خلاف تفتیش کرنے والے ایف آئی اے افسران کو نکال دیا گیا جو کچھ ہورہا ہے یہ کیا کسی جمہوریت میں ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم غیرت مند قوم ہیں، ہم بوٹ پالیشیوں اور امریکا کے غلاموں کے ساتھ نہیں چل سکتے، ہم کسی کے بوٹ پالش نہیں کرسکتے، یہ قوم قائداعظم کے پاکستان کے لیے تیار ہے، جب ہم بیس لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے تو سب کو نیا پاکستان نظر آنے لگے گا۔نہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا ہے اور وہ لوٹا ابھی تک پشاور نہیں گیا ہے، ان لوٹوں کو نہیں معلوم کہ قوم میں شعور ہے، قوم بیدار ہے، اسکول کے بچوں کو پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہوتا ہے؟ جدھربھی لوٹے جائیں گے ضمیرفروش اورغدارکے نعریلگیں گے۔عمران خان نے شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالف کہتے ہیں کہ گرمی زیادہ ہوگئی ہے لوگ نہیں نکلیں گے لیکن میرے بہادر نوجوانوں کے لیے گرمی کچھ نہیں ہے، آج مخالفین لوگوں کایہ جم غفیر دیکھ لیں،لوگ کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے کوتیارنہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے امریکی سازش کا حصہ بن کر 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو ہٹایا ، ان کے ساتھ میر جعفر اور میر صادق شامل تھے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میر جعفر سراج الدولہ کا سپہ سالار تھا اس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں سے غداری کی، میر جعفر کی وجہ سے مسلمان انگریزوں کی غلامی میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے ہندوستان سے جانے کے بعد بنگال سب سے غریب صوبہ بن گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کی اور انگریزوں سے جا ملا، ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، امریکہ کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اجڑ گیا، میں کبھی امریکہ کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔ کرپٹ، ڈاکو اور قاتلوں کو تسلیم کرلیا تو پاکستان سے دھوکہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، نیوٹرل صرف جانور ہوتے ہیں، ہمیں اجازت نہیں کہ کہیں نہ تیتر ہوں نہ بٹیر، اللہ پوچھے گا آپ نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کی؟