نئی دہلی (ویب نیوز)
بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس پر مذہبی منافرت اور عوام میں عدم تحفظ کے احساس کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملک میں مذہبی بنیادوں پر لوگوں کے جذبات بھڑکائے جا رہے ہیں اور پورے ملک میں بدامنی کا ماحول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ملک میں ہندو مسلم منافرت پڑھا کر ہندو مسلم، مذہبی تصادم کا ماحول تیار کر رہی ہے۔کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے فقدان کی وجہ سے ہر طرف مہنگائی کا راج ہے اور قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں جبکہ سرمایہ کار ملک چھوڑ کے جا رہے ہیں۔ کانگریسی رہنما نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اکتس ارب ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر چلا گیا۔رندیپ سرجے والا نے مزید کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل کم ہو رہے ہیں اور روپیہ پچھتر برس کی نچلی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریسی رہنما راہول گاندھی نے بھی مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان اس وقت معاشی بحران سے دوچار ہے اور ایسی صورتحال کی طرف بڑھ رہا ہے جس کو ملک کے عوام نے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی سچائی کو قبول کرتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔