ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی، سبی،ڈی جی خان میں پارہ 49ہوگیا
لاڑکانہ میں پارہ 46، سکھر 44، فیصل آباد، سرگودھا43، حیدرآباد 41،پشاور اور کراچی کا درجہ حرارت 40ڈگری تک جا پہنچا
اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور آج اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور ڈیرہ غازی خان میں 49سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ میں پارہ 46، سکھر 44، فیصل آباد، سرگودھا اور جھنگ میں 43، حیدرآباد 41جب کہ پشاور اور کراچی کا درجہ حرارت 40ڈگری تک جا پہنچا ہے۔اس کے علاوہ لاہورمیں 39اور اسلام آباد میں پارا 38ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے سندھ میں گرمی کی حالیہ لہر 16مئی تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوا کا زائد دبا ملک میں شدید گرمی کی لہر کا باعث بنا ہوا ہے، گرمی کی شدید لہر پورے سندھ میں پھیل گئی ۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 11سے 4بجے کے دوران شہری باہرنکلنے میں احتیاط کریں۔
ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دوانیہ 12گھنٹے تک پہنچ گیا
لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی عذاب بن گئی ،معمولات زندگی بھی متاثر
شارٹ فال میں مسلسل اضافہ کنٹرول نہ کیا جا سکا، بجلی کی بندش کے باعث پانی کی کمی کا بھی سامنا
حکومت دعوے نہیں عمل بھی کرے،کوئٹہ میں بھی صورتحال کنٹرول سے باہر ہوگئی،شہری
ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی۔ مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے، بجلی کے شارٹ فال میں مسلسل اضافہ کنٹرول نہ کیا جا سکا۔بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی عذاب بن گئی جبکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہیں۔ کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری چیخ اٹھے، شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے پہنچ گیا۔ کراچی میں اس وقت 400 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ شہر میں مرمت کے نام پر گھنٹوں بجلی بند کرنے کا سلسلہ بھی شروع، لیسکو کا شارٹ فال 230 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔ شہریوں نے کہا کہ حکومت دعوے نہیں عمل بھی کرے۔کوئٹہ میں بھی صورتحال کنٹرول سے باہر ہوگئی۔ شہر میں آٹھ سے دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ بجلی کی بندش کے باعث پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔