دبئی (ویب نیوز)

شیخ محمد بن زاید النہیان متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے نئے صدر منتخب ہوگئے،سرکاری خبر رساں ادارے وام نیوز کے مطابق شیخ محمد کو وفاقی سپریم کونسل کی جانب سے منتخب کیا گیا ہے، نئے صدر کے انتخاب کے لیے فیڈرل سپریم کونسل کا اجلاس متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں ہوا جس میں تمام ریاستوں کے حکمرانوں نے شرکت کی۔شیخ محمد بن زاید النہیان اب تیل پر انحصار کرنے والی معیشت کے رہنما ہوں گے جو ان کے والد نے 1971 میں قائم کی تھی۔61 سالہ شیخ محمد بن زاید النہیان متحدہ عرب امارات کے تیسرے صدر ہیں جو پانچ سال کے لیے صدر منتخب ہوئے ہیں، انہیں خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کے بعد صدر منتخب کیا گیا ہے۔شیخ محمد بن زاید النہیان 2004 سے ابو ظبی کے ولی عہد تھے اور وہ ابوظبی کے 17 ویں حکمراں ہوں گے۔شیخ محمد متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔ ایم بی زیڈ کے نام سے جانے جانے والے شیخ محمد نے وفاقی سپریم کونسل سے ملاقات بھی کی  ان کے سوتیلے بھائی شیخ خلیفہ کے انتقال پر تیل سے مالا مال ریاست سوگ میں مبتلا ہے۔واضح رہے کہ صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں سرکاری سطح پر 3 دن کی تعطیلات اور 40 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے،شیخ خلیفہ کی صحت میں خرابی کے بعد ایک کروڑ آبادی والے صحرائی ملک میں ان کے عہدے پر براجمان ہونے کی توقعات عروج پر تھیں۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ایک شخص کو خلا پر بھیجا اور مریخ پر تحقیقات کی اور اپنا پہلا جوہری ری ایکٹر کھولا جبکہ اپنی تیل سے چلنے والی معیشت کا استعمال کرتے ہوئے خودکار نوعیت کی خارجہ پالیسی بھی تشکیل دی۔روایتی طاقتوں کے پیچھے ہٹنے کے بعد قریبی اتحادیوں کے ہمراہ یہ مشرقِ وسطی کے رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے اور امریکا کی مداخلت کو کم کیا اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرتے ہوئے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ باغیوں کے خلاف جنگ میں شمولیت حاصل کی۔متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمراں شیخ خلیفہ بن زاید النہیان گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمراں کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔وہ اپنے والد مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے جانشین منتخب ہوئے تھے جنہوں نے 1971 میں یونین کے بعد متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کا انتقال 2 نومبر 2004 میں ہوا۔1948 میں پیدا ہونے والے شیخ خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور امارات ابوظبی کے 16ویں حکمران تھے۔ وہ شیخ زاید کے بڑے بیٹے تھے۔