سپریم کورٹ کا آئین کے آرٹیکل63اے کی تشریح کیلئے بھجوائے گئے صدارتی ریفرنس کی سماعت آج(منگل کو) مکمل کرنے کا عندیہ

آئین کے تحفظ اور تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس موجود ہے۔ عدالت نے دیکھنا ہے کہ صدارتی ریفرنس میں کس نوعیت کا سوال اٹھایا گیا ہے، ابزرویشن

سینیٹ الیکشن والاعمل دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے آئین جمہوریت کوتحفظ اور فروغ دے کر سیاسی جماعت کو مضبوط بھی کرتا ہے۔چیف جسٹس عمر عطابندیال

اکثر انحراف پر پارٹی سربراہ کاروائی نہیں کرتے۔ آرٹیکل تریسٹھ اے سیاسی جماعت کے نظام کو بچاتا ہے،دوران سماعت ریمارکس

بلوچستان نیشنل پارٹی کے وکیل مصطفی رمدے اور ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا  کے دلائل مکمل ، آج اٹارنی جنرل اشتر اوصاف دلائل دیں گے

اسلام آباد (ویب  نیوز )

سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل63اے کی تشریح کیلئے بھجوائے گئے صدارتی ریفرنس کی سماعت آج(منگل کو) مکمل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ابزرویشن دی ہے کہ عدالت کے کندھے اتنے کمزور نہیں  یہ کندھے آئین پاکستان ہے آئین کے تحفظ اور تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس موجود ہے۔ عدالت نے دیکھنا ہے کہ صدارتی ریفرنس میں کس نوعیت کا سوال اٹھایا گیا ہے ، دوران سماعت ریمارکس میں چیف جسٹس عمر عطابندیال نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن والاعمل دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے آئین جمہوریت کوتحفظاور فروغ دے کر سیاسی جماعت کو مضبوط بھی کرتا ہے۔اکثر انحراف پر پارٹی سربراہ کاروائی نہیں کرتے۔ آرٹیکل تریسٹھ اے سیاسی جماعت کے نظام کو بچاتا ہے۔دوران سماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کے وکیل مصطفی رمدے اور ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے اپنے دلائل مکمل کرلئے ہیں آج اٹارنی جنرل اشتر اوصاف دلائل دیں گے۔چیف جسٹس  عمر عطابندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے آئین کے آرٹیکل تریسٹھ اے کی تشریح کیلئے بھجوائے گئے صدارتی ریفرنس پر سماعت کاآغاز کیا تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت میں پیش ہوکر بتایاکہ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کو لاہور میں تاخیر ہوگئی ہے اوروہ  لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوچکے ہیںجسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیاکہ  کس ٹرانسپورٹ پر اسلام آباد آرہے ہیں؟ تو عامر رحمن کا کہنا تھاکہ اٹارنی جنرل موٹروے سے اسلام آباد آرہے ہیں 3 بجے تک پہنچ جائیں گے، پنجاب کے کچھ معاملات کی وجہ سے اٹارنی جنرل لاہور میں مصروف ہوگئے تھے, اس دوران تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے کہاکہ  ہم نے کبھی اعتراض نہیں کیا کہ اٹارنی جنرل آرہے ہیں یا جارہے ہیں یہ سنتے دو ہفتے ہوگئے ہیں۔چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کہاکہ ایسا کام نہ کریں جس سے کوئی اور تاثر ملے،اٹارنی جنرل نے پیر کو دلائل میں معاونت کرنے کی بات خود کی تھی،مخدوم علی خان کو بھی آج دلائل کیلئے پابند کیا تھا،ابھی ہمیں اطلاع ہوئی ہے کہ مخدوم علی خان بیرون ملک سے واپس نہیں آئے۔یہ دونوں وکلا صاحبان ایک فریق کے وکیل ہیں۔ایک سرکار کے وکیل ہیں دوسرے سیاسی جماعت کے نجی وکیل ہیں۔ اب لگتا ہے آپ اس معاملہ میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ساڑھے گیارہ بجے دیگر مقدمات قربان کر کے سماعت کے لیے کیس مقرر کیا۔ ہم آئین کے آرٹیکل تریستھ اے کے حوالے سے فیصلہ دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ایک انتہائی اہم ایشو ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اگر اٹارنی جنرل تین بجے پہنچ رہے ہیں تو چار بجے تک سن لیتے ہیں ہم رات تاخیر تک اس مقدمہ کو سننے کے لیے تیار ہیں کیونکہ یہ خدمت کا کام ہے جوہم کرنا چاہتے ہیںعدالت تو رات تاخیر تک بیٹھی ہوتی ہے اٹارنی جنرل کو تین بجے سن لیں گے۔ جسٹس جمال خان مندو خیل نے کہاکہ عدالت تو چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔اس دوران معاون وکیل سعد ہاشمی نے عدالت کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کے وکیل مخدوم علی خان سترہ مئی کو آپس آجائیں گے۔مخدوم علی خان بیرون ملک مقدمہ میں دلائل دے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اٹھارہ مئی کے بعد ہوسکتا ہے یہ بینچ دستیاب نہ ہو۔چیف جسٹس نے پھر کہاکہ  پورا ہفتہ لارجر بینچ دستیاب ہے لیکن معذرت کے ساتھ مخدوم علی خان نے مایوس کیا ہے۔ مخدوم علی خان بڑے وکیل ہیںوہ  تحریری طور پر بھی دلائل دے سکتے ہیں۔ اس پر معاون وکیل سعد ہاشمی نے کہاکہ مخدوم علی خان سے رابطہ کر کے عدالت کوآگاہ کرونگا۔ چیف جسٹس نے معاون وکیل سے کہاکہ  مخدوم علی خان کو پیغام دے دیں بینچ کا ہر رکن انکا بڑا احترام کرتا ہے۔ یہ کیس آئینی تشریح کا بڑا اہم مقدمہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آج ایڈوکیٹ جنرلز اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل)کے وکیل کو سن لیتے ہیں اوراٹارنی جنرل کا بھی انتظار کریں گے ۔  بی این پی کے وکیل مصطفی رمدے نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ آئین کے آرٹیکل تریسٹھ اے میں مںحرف ارکان کے خلاف کارروائی کا تمام طریقہ کار موجود ہے اگر آرٹیکل تریسٹھ اے میں طریقہ کار موجود نہ ہوتا تو عدالت آرٹیکل باسٹھ , تریسٹھ کی طرف طرف دیکھ سکتی تھی ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں ہر انحراف کسی فائدے کے لئے ہواس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین سازوں نے ڈی سیٹ کی سزا رکھی ہے پارٹی موقف سے انحراف خالصتا سیاسی اختلافات پر بھی ہوسکتا ہے آرٹیکل تریسٹھ اے میں ڈی سیٹ کی سزا فراہم کی گئی ہے، چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیاآپ کہہ رہے ہیں منحرف ارکان کیلئے ڈی سیٹ کرنے کی سزا کافی ہے،مصطفی رمدے نے کہا کہ آرٹیکل تریسٹھ اے کے طریقہ کار سے ہٹ کر مزید گہرائی میں نہیں جانا چاہتے کیونکہ ڈی سیٹ کے ساتھ مزید سزا شامل کرنے سے سیاسی تقسیم میں اضافہ ہو گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے ارکان سے متعلق ریفرنس مسترد کر چکا ہے، مصطفی رمدے نے کہاکہ ایک سیاسی جماعت کے آدھے ارکان نے ایک طرف جبکہ آدھے ارکان نے دوسری طرف ووٹ دیااس سیاسی جماعت نے اپنے ارکان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا،ایک سیاسی جماعت کے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئی تو اسی جماعت کے صدر کی جانب سے صدارتی ریفرنس لایا گیا،چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ آئین جمہوریت کو فروغ اور تحفظ  دیتا ہے اور سیاسی جماعت کو مضبوط بھی کرتا ہے۔اکثر انحراف پر پارٹی سربراہ کاروائی نہیں کرتے۔آئین کی افراد سے کمٹمنٹ نہیں ہے بلکہ آئین سیاسی جماعت کو مضبوط کرتاہے پارلیمنٹ اور جمہوریت کے اپنے تقاضے ہیں ۔چیف جسٹس نے کہاکہ ایک نظریاتی سیاسی جماعت ہے اس کے ارکان نے پالیسی سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ آرٹیکل تریسٹھ اے ایک سیاسی جماعت کے حقوق کا تحفظ بھی کرتا ہے اور پارٹی کے رکن کو چار چیزوں پر پالیسی کا پابند کرتا ہے۔مصطفیٰ رمدے نے موقف اپنایا کہ آرٹیکل تریسٹھ اے ارکان کو پارٹی کی پالیسی کا پابند کرکے انحراف سے منع کرتا ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیاکہ اگر کوئی رکن اسمبلی کے آخری چھ ماہ میں انحراف کرتا ہے تو ایسی صورتحال میں اس رکن کو کوئی سزا تو نہ ہوئی۔ مصطفی رمدے نے کہاکہ پارٹی سربراہ بھی منحرف ارکان کے خلاف کاروائی نہیں کرتے ا س لئے عدالت پارٹی سربراہان کے کنڈکٹ کو بھی سامنے رکھے۔چیف جسٹس نے کہاکہ  ہو سکتا ہے منحرف رکن اپنے پارٹی سربراہ کو اپنے اقدام پر راضی کر لے۔مصطفی رمدے نے کہاکہ ہماری سیاسی جماعتوں میں اتنی جمہوریت نہیں ہے سیاسی پارٹی سربراہ کی ڈکٹیر شپ ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ اگر ہر رکن اپنی مرضی کرے گا تو  ملک میںجمہوریت کا فروغ کیسے ہو گا؟کسی فرد پر فوکس کرنے کی بجائے سسٹم پر فوکس کیوں نہ کیا جائے؟ آرٹیکل تریسٹھ اے کے تحت انفرادی نہیں پارٹی کا حق ہوتا ہے توکیا دس پندرہ ارکان سارے سسٹم کو تبدیل کرسکتے ہیں؟ کیا چند افراد کو پارٹی ہائی جیک کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔مصطفیٰ رمدے کا کہنا تھا کہ عدالت کی ابزرویشن بڑی اہم ہے۔ یہ بھی دیکھنا ہے کہ وہ انفرادی شخصیت کون ہے؟آئین آرٹیکل 95 کے تحت ارکان کا حق ہے کہ وہ مرضی سے ووٹ دیں لیکن کسی منحرف رکن کا دفاع نئی کروں گا۔ اس لئے عدالت کو دیکھنا ہوگا کہ کیا آرٹیکل تریسٹھ اے کی سزا بڑھانے سے جمہوریت کو فروغ ملے گا۔کیا سزا بڑھانے سے پارٹی سربراہ کی آمریت میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں کیا ہوا سب نے دیکھا ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم سینیٹ الیکشن والاعمل دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی کے موقف سے انحراف سے بہتر ہے منحرف ارکان استعفی دے دیں،استعفی دینے سے سیاسی سسٹم بھی بچ جائے گا،استعفی دینے والے کو عوام ووٹ دیں تو وہ دوبارہ آجائے گا،آئین کی تشریح کریں گے اور تشریح کیلئے معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے،ضمیر کے مطابق بھی کوئی انحراف کرے تو ڈی سیٹ ہوگا، اس کا مطلب ہے کہ آئین ضمیر کے مطابق ووٹ دینے والے کے اقدام کو بھی قبول نہیں کرتا،مصطفی رمدے نے دلائل میں کہاکہ بلوچستان میں وزیر اعلی کے خلاف عدم اعتماد ہوئی، پارٹی سربراہ نے کسی کو شوکاز نوٹس نہیں دیا، ،آزاد کشمیر میں وزیراعظم تبدیل ہوا پارٹی سربراہ نے کسی کے خلاف ایکشن نہیں لیا،جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال کیاکہ کیاآئین انحراف کی اجازت دیتا ہے؟کیا یہ جائزہ لیا جاسکتا ہے کہ انحراف کس قسم کا ہے، ووٹ شمار ہوگا یا نہیں ہوگا،مصطفی رمدے کا کہنا تھاکہ  ووٹ شمار نہ کرنے کی دلیل پر سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید نے زور نہیں دیایہ لوگ پارلیمنٹ میں آئین کو بدلنے کی بجائے اپنا وزن عدالت کے کندھوں پر ڈالنا چاہتے ہیں  جس پرجسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ  ہمارے کندھے اتنے کمزور نہیں ہیں ہمارے کندھے آئین پاکستان ہے آئین کا تحفط اور تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس موجود ہے۔ عدالت نے دیکھنا ہے کہ درخواست میں کس نوعیت کا سوال اٹھایا گیا ہے۔ مصطفی رمدے نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو کالعدم کردیتا ہے تو چیف جسٹس نے سوال کیاکہ کیا اس اقدام کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے ؟ مصطفی رمدے نے کہاکہ میں یہ بلکل نہیں کہہ رہا میں حقیقت بتا رہا ہوں،آئین کاآرٹیکل تریسٹھ اے رکن کو ڈی سیٹ کرتا ہے کہیں اختلاف پر ووٹ دینے سے نہیں روکتا اس پر جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ  اس کا مطلب ہے آرٹیکل تریسٹھ اے کی زبان بڑی واضح ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آرٹیکل تریسٹھ اے کی تشریح میں واقعات کو بھی دیکھنا ہوگا، جسٹس جمال خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے دو سو ممالک میں سے 32 ملکوں میں انسداد انحراف قانون ہے اوران 32 ممالک میں صرف 6 ملکوں میں اس قانون پر عمل ہوتا ہے ان 6 ممالک میں انحراف پر ارکان کو ڈی سیٹ کیا گیا ہے، اگر انحراف غلط کام ہے تو آئین انحراف کی اجازت کیوں دیتا ہے؟ مصطفی رمدے ایڈووکیٹ کا کہنا تھاکہ ریفرنس سیاسی مفاد کے لئے بھیجا گیا ہے,آرٹیکل تریسٹھ اے سے آرٹیکل 95 کو غیر موثر نہیں کیا جاسکتا۔چیف جسٹس نے سوال کیاکہ کیا آرٹیکل 95 کے تحت ارکان کو اپنے وزیراعظم کیخلاف ووٹ دینے کی اجازت دیتا ہے؟ آرٹیکل 95 ارکان کو پارٹی ڈسپلن سے ہٹ کر ووٹ دینے کی اجازت دیتا ہے،چیف جسٹس نے وکیل سے کہا کہ دلیل سے آپ نے سیاسی پارٹی کو ختم کردیا۔اس طرح سے سیاسی پارٹی چائے (ٹی) پارٹی بن جائے گی۔ ہم بحث سے ایک بات سمجھے ہیں کہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو ختم کرسکتا ہے لیکن کیا سیاسی جماعت کا سربراہ اپنی پارٹی کے ساتھ ہوئے غلط اقدام کو معاف کرسکتا ہے؟ اگر پارٹی سربراہ رکن کے غلط کام کو معاف کردے توکیا یہ آئین کے خلاف ہو گا؟ کیا سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کی کوئی اہمیت نہیں۔ اس دوران وکیل بابراعوان نے کہا کہ پارٹی سربراہ بھی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہوتا ہے۔مصطفی رمدے کا کہنا تھاکہ اگر اختلاف پر ارکان استعفی دے دیں تو سسٹم تباہ نہیں ہو گا۔جسٹس جمال خان نے کہاکہ ارکان کے انحراف سے سسٹم ختم نہیں ہوتا۔ آرٹیکل تریسٹھ اے ایک مکمل کوڈ ہے۔ اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ اٹارنی جنرل ساڑھے تین چار بجے تک پہنچ جائیں گے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ پھر چار بجے اٹارنی جنرل کو سن لیتے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے استدعا کی کہ کیس کی  سماعت کل تک ملتوی کردیں۔ اس پر چیف  جسٹس نے کہاکہ  امید کرتے ہیں مخدوم علی خان کل منگل کو پیش ہوں گے۔ اگر وہ پیش نہیں ہوتے تو تحریری دلائل سے دیںچیف جسٹس نے کہاکہ کل صدارتی ریفرنس کی کاروائی کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔اس دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شمائل بٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ آرٹیکل تریسٹھ اے کو آرٹیکل باسٹھ کے ساتھ ملا کر پڑھا جانا چاہئے۔آئین کی کوئی شق خوبصورتی کے لیے نہیں،ان دونوں آرٹیکلز کوایک ساتھ پڑھا جائے تو اس کے سنگین نتائج ہونگے،پارلیمنٹ کے بعد بھی دو فورمز نے انحراف کا جائزہ لینا ہے، اگر کوئی اسمبلی میں نہ آئے تو یہ بھی انحراف ہے،چاہے کسی نے گن پوائنٹ پرروک لیا ہو،جسٹس جمال خان نے سوال کیاکہ اگر وزیراعظم اسلامی احکامات کی خلاف ورزی کرے تو کیا پھر بھی رکن چاہے کہ وہی وزیر اعظم رہے۔شمائل بٹ نے کہاکہ مانتے ہیں آرٹیکل تریسٹھ اے میں طریقہ کار کے مطابق الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ فورم ہے، جسٹس جمال خان نے سوال کیاکہ کیا پارٹی سربراہ کی شکایت پر الیکشن کمیشن کسی رکن کے کردار کو غلط یا صحیح کہہ سکتا ہے؟,   ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے شمائل بٹ کے دلائل مکمل ہوئے تو کیس کی سماعت آج منگل تک ملتوی کردی گئی۔