حتمی حلقہ بندی اگست کے دوسرے ہفتہ میں شائع کی جائیگی، الیکشن کمیشن کوبریفنگ

اسلام آباد  (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ تمام کام میرٹ اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے مقرر کر دہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے، الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت  29 مئی سے 28 جون تک ہو گی اورحتمی حلقہ بندی اگست کے دوسرے ہفتہ میں شائع کر دی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق  بدھ کے روز الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکر ٹری الیکشن کمیشن و دیگر سنیئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو حلقہ بندی کے حوالے سے جاری کام اور اب تک کی پیشرفت سے متعلق مکمل بر یفنگ دی۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ حلقہ بندی کمیٹیاں تمام قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حلقہ جات کی ابتدائی حلقہ بندی مورخہ 25 مئی 2022 کوالیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 19 کے تحت الیکشن کمیشن کو پیش کر دیں گی۔ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 دن کے لئے مورخہ 29 مئی 2022 سے 28 جون 2022 تک ہو گی۔ اس دوران حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جاسکیں گے ۔حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز پر الیکشن کمیشن یکم جولائی 2022 سے 30 جولائی 2022 تک سماعت اور فیصلے کرے گا۔ حتمی حلقہ بندی اگست کے دوسرے ہفتہ میں شائع کر دی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ تمام کام میرٹ اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے مقر رکر دوہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔