نیوزی لینڈ نے گزشتہ سال اچانک دورہ ختم کرنے پر پی سی بی کو معاوضہ ادا کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیوی بورڈ کی جانب سے معاوضے کی رقم کا اعلان نہیں کیا
کیوی بورڈ نے مالی نقصان کا معاوضہ ہوٹل کی بکنگ، سکیورٹی، مارکیٹنگ، براڈکاسٹ کی مد میں ہرجانہ ادا کیا
کراچی( ویب نیوز)
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے گزشتہ سال ستمبر 2021 میں اچانک دورہ ختم کرنے پر معاوضہ ادا کردیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیوی بورڈ کی جانب سے معاوضے کی رقم کا اعلان نہیں کیا،کیوی بورڈ نے مالی نقصان کا معاوضہ ہوٹل کی بکنگ، سکیورٹی، مارکیٹنگ، براڈکاسٹ کی مد میں ہرجانہ ادا کیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دسمبر 2022/جنوری 2023 میں تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ جہاں وہ پانچ ٹی20 اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں حصہ لے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر جانے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اور بورڈ سے تعلقات معمول پر آگئے ہیں جبکہ کیوی بورڈ نے پاکستان کو ٹی20 ورلڈکپ سے قبل سہ فریقی سیریز میں شرکت کی دعوت دی تھی جس کو پی سی بی نے قبول کرلیا ہے۔ پی سی بی انگلینڈ کے ساتھ تاریخوں کا فیصلہ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے کی تصدیق کرے گا کیونکہ وہ اکتوبر میں طے شدہ 7ٹی20میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یاد رہے کہ بلیک کیپس نے 17ستمبر 2021 کو راولپنڈی میں پہلے ون ڈے کے آغاز سے عین قبل سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے وطن روانگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈز کے روابط میں کشیدگی رونما ہوئی تھی۔بعد ازاں انگلینڈ نے بھی اپنی مرد اور خواتین ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے دستبردار ہوگئے تھے، پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا نے اعلان کیا کہ وہ نیوزی لینڈ سے ہرجانہ ادا کرنے کو کہیں گے۔