شارٹ فال کم ہو کر 6 ہزار 85 میگاواٹ ہوگیا ،لوڈشیڈنگ بدستورجاری

 بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 315 ، طلب 26 ہزار 400 میگاواٹ ہے

 متعدد علاقوں میں 12سے 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ، شہری پریشان

 اسلام آباد( ویب  نیوز)

گزشتہ روز بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 580 میگا واٹ تھا جو کم ہو کر 6ہزار 85میگاواٹ رہ گیا تاہم لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں بجلی بحران تاحال ختم نہ ہوسکا، اور متعدد علاقوں میں 12سے 16گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ گزشتہ روز ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 580میگاواٹ تھا اور اب کم ہوکر 6ہزار 85میگا واٹ ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 20ہزار 315میگاواٹ ہے، جبکہ بجلی کی کل طلب 26ہزار 400میگاواٹ ہے،گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ شارٹ فال کے باعث ملک میں آٹھ گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے اور متعدد علاقوں میں 12سے 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ پاورڈویژن نے کہا کہ پانی سے 5ہزار 662 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار198میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 10ہزار 615 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس 487میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار صفر ہے، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 170میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن 2 ہزار 283میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔