حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

حکومت نے غریب کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اعلان جلد ہی وزیراعظم قوم سے خطاب میں کریں گے۔مفتاح اسمٰعیل

اسلام آباد(ویب  نیوز)

وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 30 روپے اضافہ کردیا گیا ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ مشکل فیصلہ تھا کہ ہم عوام پر مزید بوجھ ڈالیں اور بوجھ ڈالیں تو کتنا ڈالیں، میں پہلے سے کہتا آرہاتھا کہ عوام کے اوپر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے کیونکہ حکومت کو نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہینے کے پہلے 15 دنوں میں 55 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ حکومت برداشت نہیں کرسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر 100 یا سوا سو ارب اس مہینے نقصان ہوگا تو ہماری سویلین حکومت چلانے کا تین گنا ہے، ایک طرف پوری حکومت چلانے کا ماہانہ خرچ 42 ارب ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں سبسڈی 120 ارب روپے ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ایک آدمی پیٹرول کے اوپر دوسرے پاکستانیوں کو 40 روپے سبسڈی دے رہا ہے، زیادہ سبسڈی گاڑی والوں کو ملتی ہے اور اس سے زیادہ بڑی گاڑی کو مل رہی ہے اور جتنے پیسے والے ہیں، ان کو بھی سبسڈی دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک اوسطاً آمدن والا پاکستانی اپنے سے امیر والے پاکستانی کو سبسڈی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سبسڈی کی وجہ سے یہاں پیٹرول اور ڈیزل کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے اور ہمارے بیرونی ذخائر پر دباؤ بھی آرہا ہے۔مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے بھی کہا ہے کہ وہ اس وقت تک قرض نہیں دے گا جب تک ہم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت نہیں بڑھتے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا تھا اس کے مطابق حکومت نہ صرف نقصان برداشت کرسکتی تھی بلکہ ہر لیٹر پر 30 روپے ٹیکس لگتا جس کو لیوی کہتے ہیں اور اس کے بعد پوری قیمت پر 17 روپے ٹیکس لگتا۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور شوکت ترین کے فارمولے پر جاؤں تو 84 روپے پر ایک قیمت بڑھے گی 30 روپے بڑھے گی تو 124 روپے، اس کے بعد 144 ہے یعنی 268 روپے بنتی ہے اور اس کے اوپر سیلز ٹیکس لگے گا تو 305 روپے لیٹر ہو گا جو عمران خان کا فارمولا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اگر کوئی اقدام نہیں کریں گے تو ہم غلط روش پر جاسکتے ہیں، حکومت نے غریب کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اعلان جلد ہی وزیراعظم قوم سے خطاب میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی اتنی بات رکھنے آیا ہوں کہ حکومت نے جمعہ 27 مئی سے پیٹرول، ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے اضافہ ہوگا۔وزیرخزانہ نے کہا کہ جس کے بعد پیٹرول 179 روپے 86 پیسے، ڈیزل 174 روپے 15 پیسے، کیروسین آئل 155 روپے 56 روپے اور لائٹ ڈیزل 148 روپے 31 پیسے کا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا اور 30،30 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ آج بھی یہ 30 روپے بڑھانے کے بعد حکومت ڈیزل پر 56 روپے نقصان کر رہی ہے، 37 روپے 84 پیسے لائٹ ڈیزل، کیروسین 21 روپے 83 پیسے اور پیٹرول پر 17 روپے 2 پیسے نقصان کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رات سے ان قیمتوں کا اطلاق ہوگا اور ہم سمجھتے ہیں اس اقدام سے مارکیٹ میں استحکام آئے گا اور مارکیٹ دیکھے گی حکومت نے مثبت قدم لیا ہے اور ایک سال دو مہینے کے عرصے میں معشیت بہتر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے روپے کو استحکام ملے گا، اسٹاک مارکیٹ بھی آگے بڑھے گی اور سب سے اہم معیشت میں توازن برقرار رہے گا۔مہنگائی بڑھنے کے خدشے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے پیڑول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی بڑھتی ہے لیکن ہمارا پاس دوسرا کیا موقع تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم پیٹرول اور ڈیزل مہنگا نہیں کر رہے تھے تو روز روپے کی قیمت ڈالر کے سامنے نیچے گر رہی تھی، عمران خان چھوڑ کر گئے تھے تو ڈالر 190 روپے 189 روپے ہوگئی تھی اور اب مزید بڑھ گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے خود پی ٹی آئی کی جانب سے پیٹرول کی قیمت بڑھانے پر تنقید کرتا رہا ہوں لیکن اس وقت ہم 30 روپے لیوی اور 17 فیصد ٹیکس کی بات کر رہے تھے جو پی ٹی آئی کی حکومت نے لگایا اور عوام پر بوجھ ڈالا تھا۔مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ جب عمران خان کا لگا کہ ان کی حکومت جانے لگی، عمران خان کے ذاتی مفاد پر ہر چیز قربان ہوتی ہے اور جب لگا حکومت جانے لگی ہے تو کمی کرکے یہ بارودی سرنگ رکھ گئی،ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت پاکستان ڈیزل پر 56 روپے اپنے پلے سے دے رہی ہے، ہم نئے ٹیکس یا سیلز ٹیکس لگانے کی بات نہیں کر رہے ہیں بلکہ جس قیمت میں مل رہا ہے اس سے بھی کم پر دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سارے ملک کے مالک ہیں اور ہم کیسے متحمل ہوسکتے ہیں کہ جتنا حکومت چلانے میں خرچ نہیں آتا اس سے تین گنا زیادہ پیٹرول اور ڈیزل میں سبسڈی دیں