سراج الحق کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے

نواب شاہ،دادو میرپورخاص، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے

کراچی(ویب  نیوز)

ملک بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی اپیل پر اتوار کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں  احتجاجی مظاہرے کئے گئے،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ”بجلی،گیس،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، آئی ایم ایف کی معاشی دہشتگردی نامنظور،عوام دشمن بجٹ نامنظور کے نعرے درج تھے۔کراچی،حیدرآباد، ٹنڈوآدم، بدین، گولارچی، شادی لارج، ٹنڈوباگو، نواب شاہ،دادو میرپورخاص، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اور مقامی رہنما?ں نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجلی، گیس،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہونے کی وجہ سے عام آدمی کیلئے دووقت کی روٹی حاصل کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ آنے والے مشکل بجٹ کی ایک جھلک ہے، آئی ایم ایف اور سودی نظام معیشت سے نجات حاصل کئے بغیر ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کا خواب کبھی سچا نہیں ہوسکتا۔سودی نظام معیشت عالمی مالیاتی اداروں کا اہم ہتھیار ہے،موجودہ حکمران بھی آئی ایم ایف کے چیلے ہیں جن سے عوامی بھلائی کی امید نہیں کی جاسکتی،صنعتی اور زرعی شعبے پر چند لوگوں کا قبضہ جبکہ عام مزدور اور کسان کا خون چوسا جارہا ہے، جس ملک میں ظلم اور ناانصافی کانظام رائج ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا،اسلئے جماعت اسلامی مہنگائی،بیروزگاری اور سودی نظام کیخلاف تحریک چلارہی ہے۔شکارپورمیں جماعت اسلامی کے تحت گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عوام کو ریلیف کے نام پر دیا جانے والا پیکیج دراصل لالی پاپ ہے۔ موجودہ حکومت بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کا سہارا لے رہی ہے، حکومت محض دکھاوے کے اقدامات کی بجائے ٹھوس بنیادوں پر معیشت کو سنبھالنے کے لیے اقدامات کرے، حکمرانوں کی جانب سے قوم کو بھکاری بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ قوم کو کشکول تھما کر عزت نفس مجروح کرنے کی بجائے نوکریاں فراہم کی جائیں۔ اتحادی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم بم گرانے کے بعد عوام پر بجلی بم گرانے کی بھی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 7روپے بھی یونٹ بجلی بڑھانے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپنی معاشی پالیسیوں کو عوام کے لیے آسان بنائے، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہو گی۔اس موقع پر ضلعی امیر عطاالرحمن منگریو،عبدالسمیع شمس بھٹی نے بھی خطاب کیا۔ گولارچی میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکرٹری عظیم احمد منصوری کی قیادت میں مہنگائی بیروزگاری کے گولارچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ شادی لارج میں نائب امیر غلام رسول احمدانی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد سلیم جونیجو کی قیادت شادی لارج پریس کلب پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ،بدین میں غریب آباد چوک سے بدین پریس کلب تک مہنگائی بیروزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر اللہ بچایو ہالیپوٹہ ودیگر نے خطاب کیا،ٹنڈوباگو میں نائب امیر ضلع مولانا عبدالکریم بلیدی، علی احمد بلیدی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔مظاہروں میں جماعت اسلامی یوتھ،اسلامی جمعیت طلبہ،جمعیت طلبہ عربیہ سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر تھامے ہوئے تھے۔اس موقع پر ضلعی قائدین نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کیا اب یہ خود عوام کے پیٹ کو چاک کررہی ہے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے اضافہ سے مہنگائی نے عوام کا جینا بھی حرام کردیا ہے جن سے غریب طبقے کے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے جبکہ بچوں کی ماہانہ فیسوں کی ادائیگی کرنے کی بھی ہمت نہیں رہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے انسانیت کا معاشی قتل عام کیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے میسر ہورہی ہے، سابقہ حکومت کی طرح موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام پر پیٹرول اور دیگر مصنوعات میں من مانے اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے ملک مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوجائے گا حکومت عوام سے جینے کا حق چھین رہی انہوںنے نے مطالبہ کیا ہے حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ جماعت اسلامی نوابشاہ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے ضلعی امیر سرور احمد قریشی، فیصل ہمایوں اور سردار احمد آرائیں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر سرور احمد قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سے اسلام آباد تک مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا تھا اب پی ڈی ایم کی حکومت نے جس میں ان کی جماعت بھی شامل ہے تیل کی قیمتوں میں یکلخت 30 روپے فی لیٹر کا اضافی کر دیا ہے جس سے مہنگائی کا ایسا طوفان آرہا ہے جس سے غریب کا چوتھا جلنا بند ہو جائے گا۔میرپورخاص : میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مقامی رہنمائوں محمد رفیق چوھان ، سابق امیر حاجی نور الہی مغل بزگ رہنما عزیز الرحمن خان اور سیکریٹری ظفراقبال مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ ملکی معیشت پر خودکش حملہ ہے۔ غریب عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے۔آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدہ ریز موجودہ حکمران سابقہ حکمرانوں کا ثسلسل ثابت ہورہے ہیں اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرناک ثابت ہورہے ہیں۔ ملک کو عالمی اداروں کیلئے چراہ گاھ بنادیا گیا ہے۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر خودکش حملہ ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ اشیائ زندگی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا۔حکمران اپنی مراعات اور سہولیات کو کم کرنے کے بجائے ہر طرح کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہے ہیں۔جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ ن لیگ۔پیپلزپاڑٹی اور تحریک انصاف ملک کی معیشت کی تباہ حالی اور غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے میں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ حیدرآباد میں پریس کلب پر امیر ضلع عقیل احمد خان،لاڑکانہ میں ضلعی رہنما عاشق دہامراہ ایڈووکیٹ، دادو میں مولانا واحد بخش ببر،جیکب آباد حاجی دیدار علی لاشاری کی قیادت  میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

#/S