اسرائیل کا دورہ کرنے والے پی ٹی وی اینکر کو برطرف کردیا گیا ہے، مریم اورنگزیب

فلسطین کی حمایت میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور نہ آئے گی

پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے

مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا پالیسی بیان

اسلام آباد(ویب  نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) کے اینکر احمد قریشی کو برطرف کردیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی حمایت میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور نہ آئے گی، فلسطین پر پاکستان کی ریاستی پالیسی واضح اور بابائے قوم قائد اعظم کے فرامین پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا، پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی مقف پر سختی سے کاربند ہے جبکہ وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے استصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں، بیت المقدس دارالحکومت اور جغرافیائی وحدت کی حامل فلسطینی ریاست کا وعدہ پورا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین امور ہیں جن کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے، ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سستی سیاسی شہرت کے لیے ہر منفی اقدام کرنے والے قومی مفاد کا تو خیال کریں، دورے میں شامل پی ٹی وی کے اینکر کو برطرف اور آف ایئر کر دیا گیا ہے، یہ اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔