پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
عالمی منڈی کے برعکس قیمتیں بڑھائی گئیں ، قیمت بڑھانے کے لیے کابینہ سے منظوری لی گئی نہ وجوہات بتائی گئیں، درخواست گزار
عدالت پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کالعدم قراردے اور عوام کوپٹرولیم مصنوعات سستے داموں فراہم کرنے کا حکم دے،استدعا
لاہور(ویب نیوز)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ، جس میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست اظہرصدیق کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عالمی منڈی کے برعکس قیمتیں بڑھائی گئیں ، قیمت بڑھانے کے لیے کابینہ سے منظوری لی گئی نہ وجوہات بتائی گئیں، قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں ہوشربااضافہ ہوگا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کالعدم قراردے اور عوام کوپٹرولیم مصنوعات سستے داموں فراہم کرنے کا حکم دے۔ یاد رہے شہباز حکومت کی جانب سے ایک ہفتے میں پٹرول ساٹھ روپے فی لیٹرمہنگا کر دیا، 30 روپے اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 209روپے 86 پیسے، ڈیزل 204 روپے 15 پیسے کا ہوگیا جبکہ مٹی کے تیل کی فی لیٹرقیمت میں 26 روپے 38 پیسے کا اضافہ ہوا۔