بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بڑھ گیا، 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری
ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135میگاواٹ ہے اور طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے، ذرائع پاور ڈویژن
اسلام آباد( ویب نیوز)
ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 865 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135میگاواٹ ہے اور طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے۔ پانی سے 4 ہزار 622 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 134 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9ہزار 377میگاواٹ ہے اور ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 415میگاواٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 113میگاواٹ ہے۔ بگاس سے چلنے والے پلانٹس 190میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق جوہری ایندھن سے 2ہزار 284میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ آئیسکو کو 550میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے اور اسلام آباد ریجن میں 8گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔