lahore-highcourt

لاہور  (ویب نیوز)

پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹیفیکیشن روکنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21جون کو تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی ایز کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پانچ مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواستوں میں الیکشن کمیشن، پاکستان مسلم لیگ (ن)اور دیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا اور اب الیکشن آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کررہا، الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل124کے سیکشن چھ کے تحت نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا پابند ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا مخصوص سیٹوںپر نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کا فیصلہ معطل کیا جائے اورپی ٹی آئی ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے 21جون کو تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔