نادرا نے پولیو اور زرد بخار ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا اجرا کر دیا

 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نیشنل امیونائیزیشن مینجمنٹ سسٹم سے جاری ہوں گے،وفاقی وزیر صحت

حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے،عبدالقادر پٹیل

پولیو اور زرد بخار کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لئے نادرا نے موبائل ایپ بھی تیار کر لی ،چیئرمین نادرا

اسلام آباد( ویب  نیوز)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے نادرا کے اشتراک سے پولیو اور زرد بخار کی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا اجرا کردیا ، ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نیشنل امیونائیزیشن مینجمنٹ سسٹم سے جاری ہوں گے،بیرون ملک سفر کرنے والے شہری اب کووڈ ویکسینیشن کی طرح پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ آن لائن لے سکتے ہیں۔ جمعہ کے روزپولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اجرا کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی ، تقریب میں  وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل ،چیئرمین نادرا طارق ملک اور نادرا کے اعلی حکام نے شرکت کی، نادرا نے نیشنل امیونائیزیشن مینجمنٹ سسٹم سے پولیو اور زرد بخار کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا اجرا شروع کر دیا ۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن  سرٹیفکیٹ کے حصول اور تصدیق کرانے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا،  ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نیشنل امیونائیزیشن مینجمنٹ سسٹم سے جاری ہوں گے،بیرون ملک سفر کرنے والے شہری اب کووڈ ویکسینیشن کی طرح پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ آن لائن لے سکتے ہیں،نادرا نے پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی موبائل ایپ کے ذریعے آسان بنا دی ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے،صحت کے شعبے میں بہتری لانا ہمارا مشن اور مقصد ہے،صحت کے شعبے میں عوام الناس کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیے جارہے ہیں، ہماری حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، یہ بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کی بہت بڑی سہولت ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نادار نے بتایا کہ نادرا نے  ڈیجیٹل اجرا کے ذریعے کووڈ سرٹیفکیٹ کی طرح پولیو اور زرد بخار کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو بھی موباِئل ایپ کے ذریعے اجرا ممکن بنا دیا، پاکستانی شہری موبائل ایپ کے ذریعے نہ صرف پولیو اور زر بخار کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کر سکتے ہیں بلکہ ویکسینیشن پاس بھی بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ  نادرا نے اپنے سسٹم کو جدید ترین خطوط پر استوار دیا ہے،نادرا کے سسٹم اور موبائل ایپ  سے جاری  ہر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پر ایک کیو آر کوڈ نصب ہے ،جسے موبائل کے کیمرے سے سکین کیا جائے تو اس پر سرٹیفکیٹ کے اصل مالک کا نام ،پاسپورٹ نمبر اور دیگر کوائف سامنے آجاتے ہیں۔