تعلیم کے شعبے میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے، ہزاروں طلبا و طالبات برطانیہ میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لئے تاجر تنظیموں اور مختلف چیمبرز کو آگے بڑھنا ہوگا۔محمد بلیغ الرحمان

پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے۔ برٹش ہائی کمشنر

لاہور (ویب نیوز)

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں تعینات برٹش ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے  ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کی مضبوطی کے علاوہ تعلیم، تجارت اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوںمیں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ موجود حکومت ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ اور اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے اور ہزاروں طلبا و طالبات برطانیہ میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔گورنرنے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں برطانوی ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دیا گیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لئے تاجر تنظیموں اور مختلف چیمبرز کو آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ ایک طویل عرصے سے پاکستان کا ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے اور یہ شراکت داری وقت کے ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کو تیز کرنے میں برطانیہ کا بڑا کردار ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون میںمسلسل تیزی آرہی ہے۔ برٹش ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزیدفروغ دینے پر زور دیا ۔برٹش ہائی کمشنر نے مذید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں تمام دنیا کو درپیش ایک اہم مسلہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے جامعات کے وائس چانسلرز اور محکمہ ماحولیات سے تجاویز طلب کی ہیںاور ان تجاویز کی روشنی میں ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔