صرف الیکشن نہیں، صاف شفاف انتخابات چاہئیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
پاکستان میں انصاف کا نظام خطرے میں ہے، جنہوں نے چوری پکڑنی ہے وہ سب خود کو بچا رہے ہیں،عمران خان
موجودہ حکومت نے 2 ماہ میں اتنی مہنگائی کردی جتنی ہم نے تین سال میں نہیں کی،لوگ تیاری رکھیں جب کال دوں گا تو سب نے نکلنا ہے
آپ نے گھر گھر جا کر تبلیغ کرنی ہے، سیاست نہیں کرنی، کلمہ طیبہ کا مطلب سمجائیں، ایگزیکٹو کونسل سے خطاب
راولپنڈی(ویب نیوز)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ہمیں صرف الیکشن نہیں، صاف شفاف انتخابات چاہئیں، جو سازش ہم پر مسلط کی گئی اس کو نہیں مانتے، آصف زرداری ارب پتی ہیں لیکن عوام میں نہیں جاسکتے، عدلیہ شریف خاندان کیخلاف فیصلہ کرتی ہے تو سپریم کورٹ پر حملہ ہوجاتا ہے، شریف خاندان کیخلاف فیصلہ آتا ہے تو ارشد ملک کی وڈیو آجاتی ہے،مہنگائی کا زکرکرتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ میں موجودہ حکومت نے اتنی مہنگائی کردی جتنی ہم نے 3 سال میں نہیں کی، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا،لوگ تیاری رکھیں جب کال دوں گا تو سب نے نکلنا ہے۔ بدھ کے روز راولپنڈی میں ایگزیکٹو کونسل سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جب میں کال دوں تو آپ کو نکلنا ہے، کارکن ہر دروازے پر جائیں، ہمیں سیاست نہیں تبلیغ کرنی ہے، لوگوں کو کلمے کا مطلب سمجھانا ہے، خوف اور پیسے کے بتوں کے سامنے جھکنے سے روکنا ہے، آپ کی تیاری پوری ہونی چاہیے، جو سازش ہم پر مسلط کی گئی اس کو نہیں مانتے، عوام کا سمندر دیکھ کر حکمرانوں کی کانپیں ٹانگ گئیں، نواز شریف، آصف زرداری ارب پتی ہیں لیکن عوام میں نہیں جاسکتے، عدلیہ شریف خاندان کیخلاف فیصلہ کرتی ہے تو سپریم کورٹ پر حملہ ہوجاتا ہے، شریف خاندان کیخلاف فیصلہ آتا ہے تو ارشد ملک کی وڈیو آجاتی ہے۔ عمران خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی مارچ آپ کے لیے بہت اہم ہے اور مہنگائی تو ان کا اہم ایشو نہیں تھا ، 2 ماہ میں موجودہ حکومت نے اتنی مہنگائی کردی جتنی ہم نے 3 سال میں نہیں کی، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، روپے کی قدر گر رہی ہے، ڈالر اوپر جا رہا ہے،شہباز شریف کی تمام ڈیولپمنٹ اشتہاروں پر ہوتی تھی، شہباز شریف نے اپنے نوکروں کے نام پر 16 ارب لئے، پہلی باری چپڑاسی گلزار کی آئی وہ اللہ کو پیارا ہوگیا، دوسرے کی باری آئی وہ بھی اللہ کو پیارا ہوگیا، تیسرا غلام شبیر کی باری آئی تو وہ بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا، مقصود چپڑاسی کو غلام شبیر پیسے ٹرانسفر کرتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں 700 ارب روپے غائب ہوئے جبکہ ہمارے دور میں ریکارڑ ایکسپورٹ ہو رہی تھی اور ملک تیزی سے آگے جا رہا تھا، ہماری حکومت ایک سازش کے تحت گرائی گئی، ہماری ایکسپورٹ 10 فیصد کم ہوئی ہے اور اگر اسی طرح چلتا رہا تو ملک سری لنکا کی طرف جائے گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے جو یہاں بیٹھا ہے اور جب یہ لندن جاتا ہے تو وہاں چور چور کے نعرے لگتے ہیں، ملک میں بڑے بڑے مافیاز ہیں اور وزیر داخلہ اب تک 22 قتل کر چکے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ملک مضبوط اداروں، انصاف اور قانون کی حکمرانی پر چلتا ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہوگئی، امیر کے لیے قانون الگ غریب کے لیے الگ ہے، بڑے بڑے ڈاکووں سے سب ڈریں گے کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا، انصاف کا نظام ختم ہوگیا، نیب کے لوگ ڈرے ہوئے ہیں، ایک ادارہ بچا ہوا ہے وہ عدلیہ ہے، اگر سپریم کورٹ سماعت کرتی ہے تو یہ اس پر حملہ کر دیتے ہیں، بلیک میل مافیا کو جہاں سے خطرہ ہوگا، اسے دھمکائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتنے کی تیاری ہو رہی ہے،مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ الیکشن کرائے جائیں، ہمیں صرف الیکشن نہیں، صاف شفاف الیکشن چاہئیں، میں پہلے ہی دن کہہ رہا تھا کہ این آر او ٹو کے لیے ساری گیم ہو رہی ہے کیونکہ آتے ہی انہوں نے اپنے سارے مقدمات ختم کرائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ ڈی چوک پر خواتین اور بچوں پر شیلنگ کی گئی، کیا وہ کوئی دہشت گرد تھے؟ ہمارے اوپر چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں عوام کو ان کے خوف سے نکالنا ہے، جمہوریت میں احتجاج عوام کا بنیادی حق ہے اور کہاں لکھا ہوا ہے کہ پرامن احتجاج پر شیلنگ کریں، راوی کے پل سے پولیس والوں نے ہمارے نوجوان کو پھینک دیا، ہمارے دور میں 3 لانگ مارچ ہوئے، کبھی ڈیزل نکلتا تھا تو کبھی کانپیں ٹانگنے والا نکلتا تھا، پولیس نے رات کے اندھیرے میں کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے، صحافیوں اور میڈیا ہاوسز کو دھمکیاں مل رہی ہیں، خود مجھ پر 8 ایف آئی آر کٹی ہوئی ہیں، جو سازش ہم پر مسلط کی گئی اس کو نہیں مانتا۔