پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30روز میں کرنے کا حکم کالعدم قرار
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بیچ نے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30روز میں کرنے کا حکم کالعدم قراردے دیا۔ عدالت نے توقع ظاہر کی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کے کیسز مناسب وقت پر نمٹائے گا۔الیکشن کمیشن پر شک کی گنجائش نہیں کہ تمام جماعتوں سے ایک سا برتائو ہوگا۔ دو رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر انٹراکورٹ اپیل پر جمعرات کے روز فیصلہ سنایا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پاکستان تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30روز میں کرنے کا حکم دیا تھا۔ جمعرات کے روز اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ فیصلہ بدھ کے روز محفوظ کیا گیا تھا۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی اپیل جزوی طور پر منظور کر لی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا یکم اپریل2022کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30روز میں کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا گیا۔